سرگودھا میں فیس بک پر فحش مواد بھیجنے پر مقدمہ

پولیس کے مطابق مقدمے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق مقدمے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر فُحش مواد بھیجنے کے الزام میں ایک طالبہ کی شکایت پر چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

فُحش مواد بھیجنے کے الزام پر یہ مقدمہ سرگودھا شہر کے تھانہ ساجد شہید میں درج کیا گیا ہے۔

تھانے کے ایک اہلکار خضر حیات نے بی بی سی کے نامہ نگار عدیل اکرم سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے تھانے میں شکایت درج کرائی ہے کہ واقعہ میں ملوث مبینہ ملزمان ان کو گذشتہ ایک سال سے فیس بک پر فُحش مواد بھیج رہے تھے اور ہراساں کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے باز نہ آنے پر طالبہ نے اپنے گھر والوں کو اِس تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد پولیس میں اندارج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔