’سہاگ رات کیسے منائیں‘ درد سر

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے رام پور ضلعے میں ایک سرکاری اجلاس کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی وجہ سے ایک افسر کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب چیف سیکریٹری (ہوم گارڈز) بھوپیندر سنگھ ضلعی حکام کے ساتھ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔
انھوں نے حکام سے اجلاس کے دوران موبائل فون نہ استعمال کرنے کا کہا۔
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق پسماندہ طبقے کی بہبود کے افسر ابھیشیک سنگھ پر اجلاس کے دوران ’سہاگ رات کیسے منائیں‘ کی ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کا الزام ہے۔
مقامی میڈیا نے ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ان کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔
رام پور کے ضلع مجسٹریٹ کرن سنگھ نے بی بی سی کے دلنواز پاشا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’چیف سیکریٹری نے اجلاس میں موبائل کے استعمال سے منع کیا تھا۔ شکایت ملی ہے کہ ایک افسر موبائل فون کا استعمال کر رہے تھے۔‘
انھوں نے بتایا ’ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ افسر سے تین روز میں تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ اگر متعلقہ افسر کے خلاف الزامات کی تصدیق ہوتی ہے تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔‘
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ یقیناً ضابطۂ اخلاق کی بات بھی ہے۔ ’حکام کو صرف کام ہی نہیں کرنا ہے بلکہ انھیں پوری ایمانداری اور اخلاقی ضابطوں کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کرن سنگھ یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ حکام کی جانب سے اس طرح کے عمل سے انتظامیہ کی شبیہ کو نقصان پہنچتا ہے۔







