پریمی جوڑے کی تاج محل میں خودکشی کی کوشش

 تاج محل بھارت آنے والوں سیاحوں میں انتہائی مقبول ہے
،تصویر کا کیپشن تاج محل بھارت آنے والوں سیاحوں میں انتہائی مقبول ہے

بھارت میں محبت کی یاد گار تاج محل کے احاطے میں ایک نوجوان جوڑے نے خود کشی کی کوشش کی ہے۔

پولیس کے مطابق اس جوڑے نے جن میں سے ایک ہندو اور ایک مسلمان ہے ، والدین کی جانب سے شادی کی اجازت نہ ملنے پر اپنے گلا کاٹنے کی کوشش کی ہے۔

شادی کی اجازت نہ ملنے کی وجہ ان کا مختلف مذاہب سے تعلق ہونا ہے۔

جوڑے کو خون میں لت پت پایا گیا لیکن اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

واضع رہے کہ دوسرے مذاہب اور ذات کے افراد سے شادی کو بھارت کے کچھ علاقوں میں اب بھی ناپسند کیا جاتا ہے اور بعض اوقات بات قتل وغارت تک بھی پہنچ جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس افسر اسیم چوہدری کا کہنا ہے کہ ’پہلے لڑکی نے گلا کاٹا اور پھر لڑکے نے اس کی پیروی کرتے ہوئے اپنا گلا کاٹا۔‘

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق خود کشی کی کوشش کرنے وال نوجوان کا کہنا ہے کہ جوڑے نے اپنے والدین کو راضی کرنے کی بہت کوشش کی لیکن ’مذہب کی سرحدیں اس میں سب سے بڑی رکاوٹ رہیں، ہم نے ساتھ رہنے کی ہر ممکن کوشش میں ناکامی کے بعد یہ قدم اٹھایا۔‘

واضع رہے کہ تاج محل 17ویں صدی میں مغل بادشاہ شاہجہان نے اپنی بیوی ممتاز کے لیے مقبرے کے طور پر بنوایا تھا اور بھارت آنے والوں سیاحوں میں یہ انتہائی مقبول ہے۔