بھارت میں امتحان میں نقل کرنے پر پولیس افسر کی چھٹی

،تصویر کا ذریعہbbc
بھارت کی ریاست کیرالا کی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدے دار کو امتحان میں نقل کرنے کے الزامات کے بعد جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔
کیرالا کے وزیر داخلہ نے بی بی سی کو بتایا کہ امتحان میں نقل کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ ریاست کے انسپکٹر جنرل پولیس تھریشو جوس قانون کا امتحان دے رہے تھے اور نگران عملے کے مطابق کمرۂ امتحان میں اُن کے پاس سے نصابی کتب کی نقول برآمد ہوئی ہیں۔
جوس نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ انھیں بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
جوس نے بھارت کے روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’کسی نے مجھے نقل کرتے نہیں پکڑا، میرے پاس سے کوئی کاغذ نہیں ملا، پرچہ دس بجے شروع ہوا اور میں 12 بجے تک پرچہ مکمل کرنے کے بعد باہر نکل آیا۔ کسی نے مجھے نہیں بتایا کہ میں نقل کر رہا تھا۔‘
تاہم انھوں نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ طور پر نقل کرنے کے بارے میں اُن سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ نگران عملہ جو جوس کو جانتا نہیں تھا، اُس نے انھیں نقل کرتے ہوئے پکڑا اور عملے نے یونیورسٹی کے حکام کو بتایا کہ انھوں نے پولیس افسر کو نقل کرتے ہوئے پکڑا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ معاملے کی فوری انکوائری کے بعد رپورٹ جمع کروائیں جبکہ یونیورسٹی نے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بھارت میں امتحانات میں نقل معمول کی بات ہے۔ رواں سال مارچ میں ریاست بہار میں پولیس میں بھرتی کے لیے منعقد ہونے والے امتحان میں ایک ہزار افراد کو نقل کرتے پکڑا گیا تھا۔







