اترپردیش میں ٹرین اور ٹریکٹر کے تصادم میں نو افراد ہلاک

پولیس کے مطابق یہ حادثہ بجنور کے علاقے میں اس جگہ پیش آیا جہاں ریلوے پھاٹک پر کوئی ریلوے کا اہلکار موجود نہیں تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق یہ حادثہ بجنور کے علاقے میں اس جگہ پیش آیا جہاں ریلوے پھاٹک پر کوئی ریلوے کا اہلکار موجود نہیں تھا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر اور ٹرین کے تصادم میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر لوگوں سے بھری ویگن کھینچتا ہوا پھاٹک کراس کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ بجنور کے علاقے میں اس جگہ پیش آیا جہاں ریلوے پھاٹک پر کوئی ریلوے کا اہلکار موجود نہیں تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویگن میں بیٹھے لوگ مندر سے واپس آ رہے تھے۔

واضح رہے کہ بھارت میں 15 ہزار ایسے ریلوے پھاٹک ہیں جہاں ریلوے کا کوئی اہلکار موجود نہیں ہوتا اور ہر سال حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

بجنور پولیس کے سربراہ ایچ این سنگھ نے بی بی سی ہندی کو بتایا ویگن میں 30 افراد سوار تھے۔

بھارتی ریلوے نو ہزار مسافر ٹرینیں چلاتی ہے اور ہر روز ان ٹرینوں میں دو کروڑ 30 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پچھلے سال جولائی میں تلنگانہ میں ٹرین اور سکول بس کے درمیان تصادم میں 18 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔