گورکھپور میں ٹرینوں کی ٹکر، 12 مسافر ہلاک

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK
بھارتی ریاست اترپردیش کے مشرقی شہر گورکھپور میں دو ریل گاڑیوں کے تصادم میں 12 مسافر ہلاک جبکہ 45 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ حادثہ گورکھپور کینٹ ریلوے سٹیشن کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی رات میں پیش آیا۔
شمال مشرقی ریلوے کے عوامی رابطہ افسر ایس پی مشرا نے بی بی سی کو بتایا کہ تصادم کسان ایکسپریس اور لکھنؤ برونی ایکسپریس کے درمیان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ لکھنؤ ایکسپریس گورکھپور کے کینٹ سٹیشن پر کھڑی تھی کہ کسان ایکسپریس نے اسے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے لکھنؤ برونی ایکسپریس کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے۔‘
حادثے کے بعد اس روٹ پر ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی۔
ریلوے کے رابطہ افسر آلوک کمار سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ کسان ایکسپریس کے ڈرائیور اور شریک ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان دونوں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘
آلوک کمار نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے بھی 12 افراد شدید طور پر زخمی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تمام زخمیوں کو ضلع سرکاری ہسپتال اور گورکھپور میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا ہے۔
اتر پردیش کی حکومت نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے علاج کے لیے 50، 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔







