واجپائی کو ’بھارت رتن‘ گھر جا کر دیا گیا

،تصویر کا ذریعہPRESIDENT OF INDIA
بھارت سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو ان کے رہائش گاہ پر بھارت رتن سے نوازا گیا ہے۔
جمعے کو صدر پرناب مکھرجی نے نئی دہلی میں واجپائی کی رہائش گاہ پر جا کر انھیں ملک کا اعلی ترین سول اعزاز ’بھارت رتن‘ دیا۔
گذشتہ سال دسمبر میں حکام نے اٹل بہاری واجپائی کو ان کی 90ویں سالگرہ سے ایک دن قبل بھارت رتن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ، ’میں ذاتی طور پر صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے واجپائی کو ان کے گھر پر بھارت رتن سے نوازا۔‘
نریندر مودی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا، ’اٹل جی نے اپنی زندگی بھارت بھکتی کو دی۔ آج انھیں بھارت رتن سے نوازا گیا۔‘
انھوں نے لکھا، ’میرے جیسے کروڑوں ہم وطنوں کے لیے آج کا دن تاریخی ہے، جب اٹل جی کو بھارت رتن دیا جا رہا ہے۔‘
دو بار بھارت کے وزیراعظم رہنے والے اٹل بہاری واجپائی اپنی خطابت کے باعث بھی جانے جاتے ہیں۔ انھوں نے سنہ 2005 میں سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
بھارت رتن اب تک 43 افراد کو دیا جا چکا ہے جن میں کرکٹر سچن تندولکر، موسیقار روی شنکر، گلوکار سبالکشمی، فلم ساز ستیاجیت رے، جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا اور سابق صدر اے پی جے عبدالکلام آزاد شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
واجپائی کو عام طور پر ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی میں ’اعتدال پسند چہرے‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
وہ دو بار وزیراعظم منتخب ہوئے اور تقریباً 6 سال وزارت عظمی کی کرسی پر براجمان رہے۔
ان کے دور حکومت میں پاکستان بھارت تعلقات میں بھی بہتری رونما ہوئی تھی اور انھوں نے سنہ 1999 میں اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور کا بذریعہ بس سفر کیا تھا۔
سیاست سے علیحدگی کے بعد وہ عوامی نظروں سے اوجھل رہے جس کی وجہ ان کی خراب صحت بتائی جاتی ہے۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ ’واجپائی جی اپنی صحت کی وجوہات کی بنا پر اپنے گھر پر ہی رہتے ہیں۔ صدر نے انھیں ان کے گھر پر بھارت رتن سے نوازا۔‘
ارون جیٹلی نے بتایا کہ واجپائی کو نوازے جانے کے دوران نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن ایڈوانی سمیت آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت بھی موجود تھے۔







