اڑیسہ: پل کے نیچے سے 21 انسانی کھوپڑیاں برآمد

انسانی ڈھانچوں اور پوجا میں استعمال ہونے والی مختلف چیزوں کی موجودگی جادو ٹونے کی جانب اشارہ کرتی ہے

،تصویر کا ذریعہSANDEEP SAHOO

،تصویر کا کیپشنانسانی ڈھانچوں اور پوجا میں استعمال ہونے والی مختلف چیزوں کی موجودگی جادو ٹونے کی جانب اشارہ کرتی ہے

بھارت کی مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ میں پوری کونارک میرین ڈرائیو کے راستے میں ایک پل کے نیچے سے 21 انسانی كھوپڑياں برآمد ہوئی ہیں۔

کش بھدرا دریا پر لياكھيا کے مقام پر موجود پل کے نیچے ان انسانی كھوپڑيوں کے علاوہ تین بھینسوں کی كھوپڑياں، بہت سی ہڈیاں، کچھ خشک پھول، سندور کی ڈبیا اور پوجا میں استعمال ہونے والی دوسری چیزیں ملی ہیں۔

ان تمام چیزوں کی ایک جگہ موجودگی سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ جادو ٹونے کے لیے دی جانے والی قربانی کا بھی ہو سکتا ہے۔

مقامی صحافی سندیپ ساہو کے مطابق پولیس نے ایک مقامی تانترک (جادو ٹونے کے ماہر) پديا بابا کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

مقامی پولیس افسر سوباس موہنتی نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم نے تمام كھوپڑيوں کو جانچ کے لیے کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج ہسپتال میں قائم فورینسک میڈیسن ڈیپارٹمنٹ میں بھیج دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’رپورٹ آنے کے بعد ہی ہم کسی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔‘

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے سنیچر کے روز شام تک وہاں اس قسم کی کوئی چیز نہیں دیکھی تھی۔

اس سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ کسی نے سنیچر کے روز دیر رات یہ چیزیں وہاں پہنچائی ہیں۔

مقامی صحافی کے مطابق علاقے میں اس بارے میں طرح طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔