انڈیا کورونا کی وبا کا مرکز، ایک دن میں نئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ

،تصویر کا ذریعہEPA
انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اتوار کے روز کورونا کی وبا کے پھیلنے کے بعد دنیا کے کسی ملک میں 24 گھنٹوں میں کووڈ نائنٹن کے نئے مریضوں کے سب سے بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔
انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 78،761 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ جو ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے امریکہ میں ایک روز میں 77,299 مریض سامنے آئے تھے۔
وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے 948 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد انڈیا میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 63،498 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کے 35 لاکھ 42 ہزار سے زائد معاملات سامنے آچکے ہیں جن میں سے 7 لاکھ 65 ہزار افراد ابھی بھی کورونا وائرس کا علاج کرا رہے ہیں اور 27 لاکھ 13 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس کے کل مریضوں کے لحاظ سے انڈیا، امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے مقام پر ہے۔ وہیں کوڈ 19 ہونے سے والی اموات کے معاملے میں انڈیا، امریکہ ، برازیل اور میکسیکو کے بعد چوتھے مقام پر ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا میں جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں ان میں مہاراشٹر اہم ہے۔
انڈیا کی سب سے متوسط ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 331 اموات درج کی گئی ہیں جو ایک دن میں ہونے والی سے سب سے زیادہ اموات ہیں۔ اس کے بعد جنوبی ریاست کرناٹک ہے جہاں 136 اموات درج کی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باوجود انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی معشیت کو کھولنے کے حق میں تاکہ اس وباء کے نتیجے میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن سے جو اقتصادی نقصان ہوا ہے اس کو پورا کیا جاسکے۔
حالیہ اعلان میں حکومت نے دلی شہر میں چلنے والی ٹرین سروس میٹرو کے نیٹورک کو مرحلہ وار طریقے سے کھولنے کی بات کی ہے۔
مارچ کے بعد پہلی بار میٹرو ٹرین کو 7 ستمبر کو عوام کے لیے کھولا جائے گا۔
وباء کے دوران میٹرو سروس کو کھولا تو جا رہا ہے لیکن مسافروں کے لیے سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا اور مسافر صرف سمارٹ کارڈ کے ذریعے ہی سفر کرسکے گے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈی ایم آر سی یعین 'ڈیلی میٹرو ریل کارپوریشن' کے ترجمان انوج دیال نے بتایا '' نئے ضوابط کے مطابق میٹرو پر سفر کرنے کے لیے عام ٹوکن نہیں چلے گا بلکہ مسافروں کو سمارٹ کارڈ کا استعمال کرنا ہوگا''۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حالیہ اعلان میں ایک طرف جہاں میٹرو اور بعض دیگر کاروباری سرگرمیوں کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے وہیں سنیما حال، سوئمنگ پول، اور اٹنرٹنمنٹ پارک کو بدستور بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بڑے پیمانے پر کاروبار بند ہوئے ہیں اور لاکھوں افراد اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
حالیہ اعدادوشمار کے مطابق انڈیا کی معیشت فی الوقت شدید کساد بازاری کا شکار ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح کے صورتحال ہے اس میں کسی خوشگوار تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters










