مودی نے رازداری کیسے برتی؟

نوٹوں کی منسوخی پر احتجاج

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننوٹوں کی منسوخی پر ملک بھر میں احتجاج ہوا ہے
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

انڈیا میں ایک ہزار اور پانچ سو کے نوٹ اچانک منسوخ کیے جانے کے ایک مہینے بعد اب آہستہ آہستہ یہ تفصیلات سامنے آنا شروع ہوئی ہیں کہ اس انتہائی اہم اور بنیادی نوعیت کے فیصلے کے بارے میں کس کس کو خبر تھی اور اسے خفیہ کیسے رکھا گیا۔

خبر رساں ادارے روائٹرز کا دعوی ہے کہ اس نے اس محدود گروپ سے وابستہ لوگوں سے بات کی ہے جنہیں اس پالیسی کو عملی شکل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 نومبر کو جب یہ اعلان کیا کہ صرف چار گھنٹے بعد بڑے نوٹ چلنا بند ہو جائیں گے تو پورا ملک حیرت زدہ رہ گیا۔ یہ قیاس آرائی بھی تھی کہ خود وزیر خزانہ ارون جیٹلی کوبھی اس کا علم نہیں تھا حالانکہ ایک سینئر وزیرنے اس تاثر کو مسترد کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکمت عملی وضع کرنے میں ریونیو سیکریٹری ہنسمکھ آدھیا نے کلیدی کردار ادا کیا جو نریندر مودی کے بہت قریب تصور کیے جاتے ہیں۔ہنسمکھ آدھیا کے ساتھ مبینہ طور پر پانچ لوگ اور تھے اور ان کی رہنمائی میں نوجوان رسرچرز کی ایک ٹیم کام کر رہی تھی۔ اس کام کے لیے وزیراعظم کی رہائش گاہ میں ایک الگ دفتر قائم کیا گیا تھا۔

نشانہ کالا دھن تھا اس لیے وزیر اعظم کے مطابق رازداری ضروری تھی لیکن کرنسی کی قلت سے اب جو مسائل پیدا ہو رہے ہیں ان کی وجہ سے حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ مشہور ماہر اقتصادیات بھارت جھنجھنوالا کو خطرہ ہے کہ معیشت کساد بازاری کا شکار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ 'میں نوٹ بندی کے فیصلے کے خلاف ہوں، سرکار کالا دھن ختم کرنا چاہتی تھی لیکن اسے کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔'

ہنسمکھ آدھیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جتنی بھی کرنسی ختم کی گئی تھی، اب امکان ہے کہ وہ ساری بینکنگ کے نظام میں لوٹ آئے گئی۔ ساڑھے گیارہ لاکھ کروڑ روپے پہلے ہی بنکوں میں جمع کرائے جا چکے ہیں اور اب صرف تقریباً چار لاکھ کروڑ روپے باقی بچتے ہیں۔

عام تاثر ہے کہ اس پالیسی پر وزیر اعظم کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ شمالی ریاست اتر پردیش میں اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں جہاں اس بات کا واضح عندیہ ملے گا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگ نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے کو کس حد تک ہضم کر پائے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اعلان کرنے سے ذرا پہلے وزیر اعظم مودی کابینہ کی میٹنگ میں کہا کہ میں نے پوری ریسرچ کر لی ہے، اگر یہ پالیسی ناکام ہوئی تو ذمہ داری میری ہوگی۔"

نوٹوں کی منسوخی پر احتجاج

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمودی حکومت نے اس بحران پر قابو پانے کے لیے عوام سے پچاس دن کا وقت مانگا تھا

اعلان کے فوراً بعد آدھیا نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ 'کالے دھن کے خلاف یہ حکومت کا سب سے بڑا اور سب سے جرائتمندانہ فیصلہ ہے۔'

اس غیرمعمولی پراجیکٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے الگ الگ محکموں اور ماہرین سےاس بارے میں رپورٹیں مانگی تھیں کہ نئے نوٹ کتنی جلدی چھاپے جاسکتے ہیں، اگر بھاری رقومات جمع ہوں گی تو کیا بنکوں کو فائدہ ہوگا اور نوٹوں کی منسوخی سے کسے فائدہ ہوگا؟ لیکن رپورٹ کے مطابق یہ مجموعی تصویر کے الگ الگ حصے تھے اور اس بات کا خیال رکھا گیا کہ کوئی انہیں جوڑ کر یہ اندازہ نہ لگا سکے کہ کیا ہونے والا ہے۔

لیکن بہت سے ماہرین کے مطابق رازداری کی کوشش میں تیاری بھی ادھوری رہی۔ نئے نوٹوں کی سپلائی ایک مہینے بعد تک معمول پر نہیں آ سکی ہے اور ماہرین کے مطابق اس میں ابھی کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔ دو ہزار کے نئے نوٹوں کا سائز اور وزن پرانے نوٹوں سے الگ ہونے کی وجہ سے انہیں اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعہ فوری طور پر دستیاب نہیں کرایا جاسکا۔ یہ کام بھی اب تک جاری ہے۔

نوٹوں کی منسوخی پر احتجاج

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحزب اختلاف کی جماعتیں پارلیمان کے اندر اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں

معیشت پر اس فیصلے کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ریزرو بینک کے مطابق کاروبار میں مندی عارضی ہے لیکن اس نے رواں مالی سال کے لیے شرح نمو سات اعشاریہ چھ فیصد سے گھٹا کر سات اعشاریہ ایک فیصد کردی ہے۔

وزیر اعظم نے کرنسی کی قلت سے پریشان لوگوں سے پچاس دن کا وقت مانگا تھا، یہ مہلت تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔