آصف فاروقی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | اٹھارہ نشستوں کے لیے ستاسی امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں |
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق بیس نشستوں کے لیے ستاسی امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کے باعث اس اگلے ماہ سینیٹ کی خالی ہونے والی پچاس میں سے تیس نشستوں میں امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ان میں صوبہ سندھ اور پنجاب سے تمام گیارہ جب کہ صوبہ سرحد سے عام نشستوں کے سات اور اسلام آباد سے ایک امیدوار شامل ہیں۔ حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں کے باوجود صوبہ بلوچستان میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان بر وقت مفاہمتی فارمولا طے نہ ہو سکنے کے باعث اب وہاں تمام گیارہ نشستوں پر انتخابات ہوں گے جس کے لیے بیالیس امیدروار میدان میں ہیں۔ اسی طرح وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں کے لیے چار نشتوں کے لیے چونتیس اور صوبہ سرحد کی چار مخصوص نشستوں کے لیے کل نو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت کی دو میں سے ایک عام نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ خواتین کے لیے مخصوص نشست پر دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ واضح رہے کہ سو ارکان پر مشتمل ایوان بالا کے نصف ارکان کا انتخاب چار مارچ ہو گا جس دوران صوبے اور قومی اسمبلی کے ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ |