BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 17 January, 2009, 12:27 GMT 17:27 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات، تنازعات

پنجاب اسمبلی
’صرف پنجاب میں پیپلز پارٹی بظاہر ضلعی ناظمین کی چھتری بنی ہوئی ہے‘
مرکز کی حزب اختلاف اور پنجاب کی حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے گورنر پنجاب اور بلدیاتی نمائندوں کو سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کی باقیات قرار دیا ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کا تنازعہ واقعی آمریت اور جہموریت کے ٹکراؤ کا ہے یا یہ ایک ایسی چومکھی لڑائی ہے جو چاروں صوبوں میں پھیلی ہے۔ ایک ایسی لڑائی جس میں حب علی سے زیادہ بغض معاویہ کا جذبہ کارفرما ہے۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے دست وگریباں ہیں، بلدیاتی ادارے ان کا اکھاڑہ ہیں اور سیاسی، قانونی و انتظامی ہر طرح کے داؤ پیچ استعمال کیے جارہے ہیں۔

چاروں صوبوں میں مخلوط حکومتیں ہیں اور ان میں شامل سیاسی جماعتیں اتحادی ہونے کے باوجود ایک سطح پر باہم پیکار بھی ہیں۔

اب تک کی اخباری اطلاعات سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں تبدیلی چاہتی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ مسلم لیگ نون کو مشکل وقت دینا بھی اس کی مجبوری ہے جو پنجاب میں تواتحادی لیکن مرکز میں مخالف ہے۔

دوصوبوں یعنی صوبہ سرحد، بلوچستان میں بلدیاتی نظام لپیٹنے کا عملی کام شروع ہوچکا ہے۔ صوبہ سندھ میں اس تبدیلی کی خواہش کا اظہار پی پی کے صوبائی رہنما برملاکررہے ہیں۔ صرف ایک پنجاب ہے جہاں پیپلز پارٹی بظاہر ضلعی ناظمین کی چھتری بنی ہوئی ہے۔

پنجاب میں مسلم لیگ قاف کی حمایت کرنے والے ضلعی ناظمین مسلم لیگ نون کی شریف حکومت کے سینے پر مونگ دل رہے ہیں لیکن گورنر پنجاب سلمان تاثیر ناظمین کی کھل کر حمایت کررہے ہیں حالانکہ دوسری طرف یہی گورنر صوبے میں کمشنر لگانے کے آرڈیننس پر بھی دستخط کرچکے ہیں۔

گورنر پنجاب خود کو جس پیپلز پارٹی کا نمائندہ کہتے ہیں یہ وہی پیپلز پارٹی بلوچستان حکومت کمشنری نظام کو بحال کرچکی ہے۔اسی پیپلزپارٹی نے صوبہ سرحد میں کمشنری نظام کی بحالی کے منصوبے کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ ڈویژنل کمشنروں کی تعیناتیوں میں اس کی مشاورت جاری ہے۔

سلمان تاثیر
گورنر پنجاب سلمان تاثیر ناظمین کی کھل کر حمایت کررہے ہیں

پنجاب میں ناظمین کا سب سے برا حال ہے یہاں نہ صرف پنجاب حکومت ان پر دھاندلی اور بدعنوانی کے الزامات لگا کر ہتھکڑی اور جیل کی سلاخوں سے ڈرا دھمکا رہی ہے تو دوسری جانب کمشنروں کودفاتر دینے کے لیے بیشتر ضلعی ناظمین کے دفاتر خالی کروالیے گئے ہیں لیکن گورنر پنجاب سلمان تاثیر کہتے ہیں کہ یہ آئینی ادارے ہیں اوروہ ان کا تحفظ کریں گے۔

صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر آغا سراج درانی کہتے ہیں کہ جب موقع ملا بلدیاتی نظام کو تبدیل کردیا جائے گا۔ ان کے اس موقع کو اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے روکا ہوا ہے جو سندھ کے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں مقامی حکومتیں سنبھالے ہوئے ہے۔

ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ امین اللہ چودھری کا کہنا ہے دراصل مسئلہ سیاسی مخالفت کا ہے۔ ’کراچی اور حیدرآباد میں حکومتی پارٹی ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندے ہیں اس لیے وہاں مقامی حکومتوں کے نظام سے چھیڑ چھاڑ نہیں ہورہی‘۔

ان کے بقول باقی ملک میں برسراقتدار سیاسی پارٹیاں سابق فوجی حکمران پرویز مشرف اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ قاف کے حمایتی بلدیاتی نمائندے قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔

تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ سندھ میں مقامی حکومتیں حکمران ایم کیو ایم کی ہیں اس لیے انہیں یہ نظام اچھا لگ رہا ہے۔پنجاب میں بلدیاتی نمائندے مسلم لیگ نون کے مخالف ہیں اس لیے انہیں اس نظام میں کیڑے نظر آرہےہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کی زنجیر کہلانے والی جماعت پیپلز پارٹی بھی گومگو اور سیاسی مصلحتوں کا شکار ہے۔ ایک صوبے سندھ میں بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے حق میں ہے کیونکہ وہاں اتحادی کو ناراض نہیں کرنا چاہتی دوسرے صوبے میں تبدیلی کی مخالف ہے کیونکہ اتحادی سے اس کی بن نہیں رہی۔

پنجاب کے شہر اٹک کے ضلعی ناظم میجر(ر) طاہر صادق نے مشورہ دیا ہے کہ حکمران صرف ایک برس کا انتظارکرلیں بلدیاتی انتخابات ہوجائیں گے اور ان کی مرضی کے لوگ مقامی اسمبلیوں میں پہنچیں گے تو شایدانتقام کی آگ میں جلتے سینوں میں ٹھنڈک پڑجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف ذاتی سیاسی دشمنیوں اور اختیارات کے ہوس کا ہے۔ ان کے بقول اختیارات اگر نچلی سطح پر عوام کے نمائندوں تک منتقل ہوہی گئے ہیں تو انہیں وہیں رہنے دیں جو چھوٹی موٹی خرابیاں ہیں انہیں دور کرلیا جائے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد