عبادالحق بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید |
پاکستان میں مذہبی تنظیم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید جو گزشتہ ماہ سے نظر بند ہیں ان کی نظربندی میں توسیع کردی گئی ہے۔ حافظ سعید کو ان کی نظربندی میں توسیع کے احکامات موصول ہوگئے ہیں جن میں کہا گیا کہ وہ دو ماہ یعنی ساٹھ دنوں کے لیے اپنے گھر پر نظربند رہیں گے۔ خافظ سعید کو گزشتہ ماہ بارہ دسمبر کو ایک ماہ کے لیے نظربند کیا گیا تھا اور ان کی نظربندی کی میعاد گیارہ جنوری کو ختم ہونے والی تھی۔ حافظ سعید کے داماد حافظ خالد ولید نے بی بی سی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب ندیم حسن آصف کی طرف سے حافظ سعید کو نظر بندی کے احکامات وصول ہوگئے ہیں۔ ان کے بقول سرکاری احکامات میں کہاگیا ہے کہ نقص امن کے قانون کے تحت حافظ سعید کی نظربندی میں ساٹھ دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے احکامات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور ان کے گھر کے باہر جیل کا عملہ متعین ہوگا۔ حافظ خالد ولید نے یہ بھی بتایاکہ حافظ سعید کی نظربندی کے پہلے احکامات ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ کی طرف سے جاری کیے گئے تھے لیکن نظربندی میں توسیع کےاحکامات ہوم سیکرٹری نے جاری کیے ہیں۔ خیال رہے کہ ممبئی دھماکوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد حکومت پاکستان نے جماعت الدعوۃ کے خلاف ملگ گیر کارروائی کی اور جماعت کے امیر حافظ سعید کو ان کے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا۔ |