دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | ایاز کھوکھر کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی گئی ہے |
صوبہ سرحد کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک مقامی اخبار کے رپورٹر کو شدید زخمی کردیا ہے جنہیں ڈیرہ ڈسٹرک ہسپتال میں داخل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شام تھانہ کینٹ کی حدود میں مقامی صحافی ملک ایاز کھوکھر کسی کام کے سلسلے میں پیدل گیلانی ٹاون کے علاقہ عمر ٹاون میں جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ بعد میں پولیس نے انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے ان کے پیٹ سے گولی نکال لی۔ اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران بھاری پولیس نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں تلاشی کا عمل شروع کیا ہے لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ صحافی برادری نے ملک ایاز کھوکھر پر قاتلانہ حملہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اور پولیس سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں یونائٹیڈ میڈیا سنٹر ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام منگل کی صبح ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائیگی۔ صحافی ایاز کھوکھر روزنامہ درپن ڈیرہ اسماعیل خان کے نمائندے ہیں۔ |