’مشرف نے الیکشن میں دھاندلی کرائی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور حکمران جماعت مسلم کانفرنس کے اہم رہنما سردار سکندر حیات خان نے الزام لگایا ہے کہ اب سے دو سال پہلے ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی ایما پر کھلی مداخلت کی گئی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔ حزب مخالف کی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتی رہی ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکمران جماعت کے ایک اہم رہنما نے اس بات کا اعتراف کیا ہے۔ سردار سکندر حیات خان نےالزام لگایا کہ’ کشمیر کے انتخابات میں مداخلت کشمیر کے اس علاقے سے متعلق فوج کی کور اور ڈویژن ہیڈ کواٹر کے افسروں اور ملڑی انٹیلیجنس کے ذریعے سے کی گئی تھی۔‘ سردار سکندر حیات خان نے، جو اس وقت وزیر اعظم تھے، کہا کہ یہ مداخلت پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی ایما پر کی گئی تھی اور ان کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ’پرویز مشرف کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے دیرینہ موقف سے ہٹ کر لچک کا مظاہرہ کرچکے تھے اور وہ ایک ہی جماعت میں ایسے افراد کو سامنے لا کر اپنے تجویز کردہ حل کے لئے حمایت حاصل کرنا چاہتے تھے۔‘ پرویز مشرف نے کشمیر کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے چار نکاتی تجاویز پیش کی تھیں جس میں متنازعہ کشمیر سے فوجوں کا مرحلہ وار انخلاء اور کشمیریوں کو حق حکمرانی دینے کے علاوہ یہ تجاویز بھی تھیں کہ لائن آف کنڑول کو غیر موثر بنایا جائے اور کشمیر کی نگرانی کا ایک مشترکہ طریقہ کار ہو جس میں ہندوستان ، پاکستان اور کشمیری شامل ہوں۔ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات جولائی سن دو ہزار چھ میں ہوئے تھے جس کے نتیجے میں مسلم کانفرنس مسلسل دوسری مرتبہ برسر اقتدار آئی لیکن سردار سکندر حیات خان کی جگہ سردار عتیق احمد خان وزیر اعظم منتخب ہوئے جو ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ حزب مخالف کی تمام جماعتوں نے ان انتخابات کے نتائج کو پہلے ہی یہ کہہ کر مسترد کردیا تھا کہ پرویز مشرف نے حکمران جماعت مسلم کانفرنس کے حق میں دھاندلی کروائی اور وہ نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ | اسی بارے میں کشمیر: مسلم کانفرنس کی کامیابی13 July, 2006 | پاکستان پاکستان: کشمیر میں انتخابات10 July, 2006 | پاکستان کشمیر: ووٹوں کی گنتی جاری10 July, 2006 | پاکستان پاکستان کے ساتھ ہفتہ الحاق منانے پر بحث13 July, 2008 | پاکستان دنیا کشمیر کا نوٹس لے: پاکستان13 August, 2008 | پاکستان قومی اسمبلی، کشمیر کمیٹی تشکیل19 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||