کراچی دھماکے: دو ہلاک، کئی زخمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں ہلکی نوعیت کے سات دھماکے ہوئے ہیں جن میں دو افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکے ضلع غربی میں ہوئے ہیں۔وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے تصدیق کی ہے کہ بم دھماکوں میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے یہ بات دو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں سے متاثر ہونے افراد میں زیادہ تر غریب لوگ ہیں۔ سیکریٹری داخلہ سندھ عارف احمد خان نے تصدیق کی ہے کہ شہر میں کم شدت کے سات بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر راہگیر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال کو معمول پر لانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دھماکے کم شدت کے بموں سے کئے گئے ہیں جو مختلف جگہوں پر نصب کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت صورتحال کو معمول پر لانے کی کوشش کررہی ہے۔ ادھر آئی جی پولیس سندھ بابر خٹک نے ان واقعات کو تخریب کاری قرار دیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہ کوشش ہورہی ہے کہ حکومت کو غیرمستحکم کیا جائے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعات شہر میں لسانی جھگڑے کرانے کی کوشش ہے۔ ’یہ وہ عناصر ہوسکتے ہیں جو حکومت کو بھی غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں اور کراچی میں بھی امن دیکھنا نہیں چاہتے‘۔ وزیر اعلی نے دھماکوں کی تحقیقات کے لئے ایک اعلی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو دو دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ادھر بم دھماکوں کے بعد متاثرہ علاقوں کے مشتعل لوگوں نے ہنگامہ آرائی بھی کی ہے۔
آئی جی سندھ صلاح الدین بابر کے مطابق یہ دھماکے ہلکی نوعیت کے تھے جن سے تقریباً پچیس افراد زخِمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دھماکوں میں یکسانیت یہ تھی کہ یہ تمام دھماکے کراچی کے ضلع غربی میں ہوئے اورایسا لگتا ہے کہ خوف و ہراس پھیلانا مقصد تھا۔ ڈی آئی جی کراچی علیم صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں اور کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان دھماکوں کی شدت بہت کم تھی۔ انہوں نے کہا زخمیوں کے پیروں اور کمر پر چھوٹے چھرے اور کیل نکالے گئے ہیں۔ ہسپتال سے ہمارے نامہ نگار نے پتایا کہ عباسی شہید ہسپتال سینتیس زخمی لائے گئے ہیں۔ ہسپتال کے باہر ایک بڑی تعداد میں لال ٹوپیاں پہنے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان موجود ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے دروازوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور میڈیا سمیت کسی کو اندر نہیں جانے دے رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو ایمرجنسی کے سامنے سے ہٹنے کا بھی کہہ رہے ہیں تاکہ زخمیوں کی آمد میں کوئی خلل نہ پڑے۔ | اسی بارے میں اسلام آباد میں خود کش حملہ،19ہلاک07 July, 2008 | پاکستان اسلام آباد:ہلاکتیں بیس، تحقیقات جاری07 July, 2008 | پاکستان پشاور: بم دھماکے میں 12 افراد ہلاک27 January, 2007 | پاکستان سرحد دھماکوں کے تانے دور تک07 June, 2007 | پاکستان بلوچستان: دھماکے میں پانچ ہلاک 02 March, 2008 | پاکستان ڈیرہ بگٹی کے قریب دھماکے20 May, 2008 | پاکستان ڈیرہ مرادجمالی میں دھماکہ، تین ہلاک07 February, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||