نور مینگل، امریکہ میں داخلہ نہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار عطاء اللہ مینگل کے پوتے اور نواب خیر بخش مری کے نواسے نورالدین مینگل کا کہنا ہے کہ انہیں امریکی حکام نے چھبیس گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیتے ہوئے واپس بھجوا دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امریکی حکام کے رویہ کو قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ’میں برطانوی شہری ہوں اور قانون کے مطابق امریکہ میں داخل ہونے کے لیے برطانوی شہریوں کو پیشگی ویزا کی ضرورت نہیں پڑتی لیکن میرے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکی حکام نے انہیں امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ نورالدین مینگل نے بتایا کہ وہ انسانی حقوق کے لیے کام کرتے ہیں اور ’انٹر فیتھ انٹرنیشنل‘ کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی حکام نے انہیں چھبیس گھنٹے حراست میں رکھا اور ان سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ ان کے مطابق دوران حراست انہیں اپنے وکیل اور اہل خانہ میں سے کسی سے بھی رابطہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ’مجھے ہتھکڑی لگا کر نیویارک اور نیو جرسی میں مختلف جگہوں پر لے جایا گیا اور انسانی حقوق کے بارے میں میری سرگرمیوں کے متعلق حکام طنز کرتے رہے۔‘ نورالدین مینگل نے بتایا کہ وہ تئیس جون کو نیو یارک پہنچے تھے۔بعد میں انہیں دبئی روانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے اپنی امریکہ بدری کے لیے صدر پرویز مشرف کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ صدر مشرف بلوچستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی پردہ پوشی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی بلوچوں کے انسانی حقوق کے لیے بیرون ملک کام کرتے ہیں ان کے بارے میں صدر مشرف نے امریکہ اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کو گمراہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے امریکہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کا احترام کرے اور پرامن بلوچ عوام کے خلاف ’پاکستانی فوج کے مظالم میں حصہ دار نہ بنے۔‘ |
اسی بارے میں اختر مینگل کی وڈھ واپسی06 June, 2008 | پاکستان کوئٹہ: گرفتاریوں کے خلاف مظاہرہ08 June, 2008 | پاکستان اختر مینگل کی رہائی کا حکم02 May, 2008 | پاکستان اختر مینگل کی رہائی پر خوشیاں09 May, 2008 | پاکستان مینگل کے خلاف دائر مقدمات واپس21 April, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||