’جج بحال ہونگے، وقت معلوم نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ معزول جج ضرور بحال ہونگے تاہم ان کی بحالی میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ ججوں کی بحالی کا دارومدآر صرف مسلم لیگ نون پر نہیں ہے۔ لاہور میں ایک نجی سکول کی تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ججوں کی بحالی کے معاملہ میں ان کی طرف سے کوئی ابہام نہیں ہے بلکہ تاخیر دوسری طرف سے ہے اور اس تاخیر کو ختم ہونا چاہیئے۔ ان کے بقول ’بار بار یہ کہتے عجیب لگتا ہے کہ دوسرے فریق کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیئے۔‘ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دوسرا فریق اپنا وعدہ پورا کرے گا۔ فنانس بل میں ججوں کی تعداد بڑھانے کے معاملے پر ان کا موقف تھا کہ اس میں کوئی بدنیتی شامل نہیں اور کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری طرح اس بات پر قائم ہیں کہ ججوں کی بحالی کسی آئینی پیکیج کے ذریعے نہیں بلکہ ایک قرار داد کے ذریعے ہو اور جج دو نومبر والی پوزیشن پر پرانی سینیارٹی کے ساتھ بحال ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ ججوں کی بحالی کب ہوگی تاہم جج عزت وقار کے ساتھ بحال ہونگے۔ لانگ مارچ سے فائدہ حاصل کرنے کےسوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کے سیاسی فائدہ کی تلاش نہیں ہے بلکہ وہ ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جنگ کسی ذات کے لیے نہیں ہے اور نہ ہی وہ اپنی ذات اور جماعت کے لیے قطعی طور پر کوئی فائدہ لینے کی آروز رکھتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ صدر کے موخذاے میں ان کی جماعت اور پیپلز پارٹی کے درمیان کتنا فاصلہ ہے تو نواز شریف کا کہنا تھا کہ فاصلہ نہیں ہونا چاہیئے تھا بلکہ اٹھارہ فروری کو عوام نے جو فیصلہ دیا ہے اس پر عمل ہونا چاہئے تھا۔ان کے بقول وہ اس بات پر افسردہ ہیں کہ اتنا وقت کیوں لگ گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کو چار ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے اور یہ وقت انہوں نے صبر کے ساتھ گزارا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آصف زرداری نے کہا کہ آئندہ صدر پیپلز پارٹی سے ہوگا تو نواز شریف نے مسکرا کر جواب دیا کہ ملاقات میں آصف زرداری سے یہ بات بھی ہوئی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئینی پیکیج میں شامل تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد اس بارے میں پارٹی کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔ | اسی بارے میں ’پی پی، نون لیگ میں ہم آہنگی نہیں‘20 June, 2008 | پاکستان آئینی پیکج تیار ہے:فاروق نائیک19 May, 2008 | پاکستان ’ایوانِ صدر میں بھی جئے بھٹو ہوگا‘16 June, 2008 | پاکستان ’مشاورت سے نیا صدر لائیں گے‘17 June, 2008 | پاکستان لانگ مارچ کے بعد اٹھنے والے سوالات14 June, 2008 | پاکستان حمزہ بلامقابلہ رکن اسمبلی منتخب20 June, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||