ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | اے پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کی صدارت میں ہوا |
پارلیمان سے باہر بیٹھی جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائینس نے جون کی پہلی تاریخ کو اسلام آباد میں ججوں کی بحالی سے متعلق حکومت پر دباؤ بڑھانے کی ظاہر قومی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کانفرنس کے انعقاد کی تاریخ اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے اے پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ججوں کی بحالی کے معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے یہ کانفرنس یکم جون کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی ڈی ایم کے قومی ایجنڈے سے اتفاق کرنے والی اتحاد کے باہر دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وکلاء، صحافیوں اور دانشوروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اجلاس میں وکلاء کے لانگ مارچ کی بھی بھرپور حمایت اور اس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔ بی بی سی کے ایک سوال کے جواب میں کہ آیا حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی تو لیاقت بلوچ کا اصرار تھا کہ وہی تو ججوں کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ’یہ کانفرنس تو انہی پر دباؤ بڑھانے کی خاطر منعقد کی جا رہی ہے تاکہ وہ آئین و قانون کی حکمرانی بحال کریں، صدر کا مواخذہ کریں اور ججوں کو دو نومبر والی صورتحال پر بحال کریں‘۔ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ایک اجلاس میں اس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔ انتخابات کے بعد سے اے پی ڈیم ایم ججوں کی بحالی کے معاملے پر حکومت سازی کے عمل کے مکمل ہونے کا انتظار کر رہا تھا اور اس کانفرنس کے انعقاد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی جدوجہد اب ایک مرتبہ پھر عملی صورت اختیار کر رہی ہے۔ |