شہباز اور اعتزاز کے کاغذات جمع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پنجاب اسمبلی کی دو صوبائی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر اعتزاز احسن نے راولپنڈی کے قومی اسمبلی کے حلقہ پچپن سے کاغذات نامزدگی داخل کیئے ہیں۔ شہباز شریف نے لاہور کی صوبائی اسمبلی کی نشست ایک سو اکتالیس اور ایک سو چون سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیدار، وکلاء اور کارکن بھی موجود تھے۔ ضمنی انتخابات میں کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ چھ مئی ہے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال سات مئی سے تیرہ مئی تک ہوگی۔ کاغذات مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں سترہ مئی تک کی جاسکتی ہیں جبکہ ٹربیونل کی طرف سے ان درخواستوں پر فیصلہ چوبیس مئی کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ چھبیس مئی ہے، اسی روز اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور پولنگ اٹھارہ جون کو ہوگی۔ شہباز شریف نے اس سال فروری میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو انیس اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اکتالیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم ریٹرنگ آفیسر نے ان کاغذات نامزدگی ایک فوجداری مقدمہ میں ملوث ہونے کے اعتزاض کی بنا پر مسترد کردیئے تھے۔
شہباز شریف کے کاغذات مسترد ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو انیس سے ان کے بیٹے حمزہ شہباز شریف جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ ایک سو اکتالیس سے میاں مجتبیْ شجاع الرحمن امیدوار کے طور پر سامنے آئِے۔ تاہم ان دونوں حلقوں میں مسلم لیگ قاف کے امیدوار طارق بانڈے کے انتقال کی وجہ سے ان حلقوں میں چناؤ مؤخر کردیا گیا۔ لاہور کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اکتالیس میں مسلم لیگ قاف کے امیدوار طارق بدر الدین بانڈے کی وفات اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو چون سے مسلم لیگ نون کے امیدوار آصف اشرف کے انتخابات سے چند گھنٹے پہلے رات کے وقت قتل ہونے کی وجہ سے ان دونوں حلقوں میں انتخاب ضمنی انتخابات تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ شہباز شریف کے قانونی مشیروں کا کہنا ہے کہ جس فوجداری مقدمہ کی وجہ سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے وہ اس مقدمہ سے بری ہوچکے ہیں اور ان کے انتخاب لڑنے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اکتالیس جہاں سے شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اسی حلقہ سے مسلم لیگ نون کے رہنما مجتبیْ شجاع الرحمن کے کاغذات بھی جمع ہیں جو انتخاب میں حصہ لیے بغیر ہی پنجاب کابینہ کے وزیر بن چکے ہیں اور مقررہ مدت میں ان کو اپنی وزارت کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب کی صوبائی نشست سے انتخاب لڑنا ہوگا۔ ادھر وکلاء تحریک کےمرکزی رہنما اعتزاز احسن نے راولپنڈی کے قومی اسمبلی کے حلقہ سے کاغذات جمع کرائے ہیں جہاں مسلم لیگ نون کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ قاف کے رہنما اور سابق وزیر شیخ رشید کو شکست دی تھی۔ اعتزاز احسن نےعام انتخابات میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے ایک سو چوبیس سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم وکلاء تنظیموں کی طرف سے انتخابات کے بائیکاٹ کی وجہ سے انہوں نے اپنے کاغذات واپس لے لیے تھے۔ اعتزاز احسن کی نظربندی کی وجہ سے ان کی اہلیہ بشریْ اعتزاز نے کاغذات واپس لیے تھے۔ دریں اثناء مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی نشست باون سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ مسلم لیگ نون رہنما چودھری نثار علی خان نے راولپنڈی سے قومی کی دو نشستوں این اے باون اور این اے تریپن سے انتخاب لڑا تھا اور دونوں نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ چودھری نثار نے قومی اسمبلی کی نشست باون خالی کردی جس پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف قاسم ضیاء وسطی پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ انسٹھ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے رانا فاروق سعید نے خالی کی ہے جو بیک وقت رکن قومی اور صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ | اسی بارے میں اسمبلی اجلاس 17 مارچ کو طلب11 March, 2008 | پاکستان سندھ اسمبلی کا افتتاحی اجلاس04 April, 2008 | پاکستان پنجاب میں سپیکر و ڈپٹی بلا مقابلہ11 April, 2008 | پاکستان ضمنی انتخابات: تاریخ میں تبدیلی17 April, 2008 | پاکستان مظفرآباد:نئےالیکشن، زور پکڑتا مطالبہ18 April, 2008 | پاکستان نواز شریف، الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ03 May, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||