پنجاب میں سپیکر و ڈپٹی بلا مقابلہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب اسمبلی میں رانا محمد اقبال کو سپیکر اور رانا مشہود کو ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر بلامقابلہ منتحب کر لیا گیا ہے۔ مسلم لیگ قاف نے ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی سے بدسلوکی کے خلاف اس انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔ منتخب ہونےوالے دونوں عہدیداروں کا تعلق مسلم لیگ نون سے ہے ان کے مدمقابل دونوں امیدواروں نجف سیال اور چودھری ارشد نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔ یہ دونوں مسلم لیگ قاف کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے لیکن بعد کہا گیا کہ وہ فارورڈ بلاک میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان دونوں سمیت مسلم لیگ قاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے چند دوسرے اراکین بھی اسمبلی کارروائی میں شریک ہوئے۔افضل ساہی نے بطور سپیکر اپنے آخری خطاب میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ سابق اسمبلی کی طرح یہ نئی اسمبلی بھی اپنی مدت کے پانچ برس مکمل کرے۔ فارورڈ بلاک کے نجف سیال نے پوائنٹ آف آڈر پر سپیکر کو مخاطب ہوکر کہا کہ ’جن لوگوں نے آپ کو منتخب کیا تھا انہیں آپ کی رخصتی کے وقت ایوان میں موجود ہونا چاہیے تھا۔‘ سبکدوش ہونے والے سپیکر افضل ساہی نے رانا اقبال اور مشہود احمد کی کامیابی کا اعلان کیا جس کے بعد دونوں نومنتخب عہدیداروں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانا محمد اقبال نےاپنے پہلے خطاب میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام اراکین سے یکساں سلوک روارکھیں گے۔ اتحادی جماعتوں کے نامزد وزیر اعلٰی دوست محمد کھوسہ نے اپوزیشن کے بائیکاٹ پرافسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قاف نے اس وقت کیوں بائیکاٹ نہیں کیا جب سانحہ بارہ مئی ہوا یا جب لاہور کی سڑکوں پر وکلاء کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ وہ آج اس خوف سے بھا گے ہیں کہ ان کے اراکین کی تعداد کم ہوچکی ہے اور انہیں یہ خوف ہے کہ ان ساتھی ایوان میں ان کا ساتھ نہ چھوڑ جائیں۔ انہوں نے بائیکاٹ کے عمل کو بزدلی قرار دیا ہے۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض نے نو منتخب سپیکر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف، شہباز شریف کی جلاوطنی،آصف زرداری کی قید اور ان کے قائد بے نظیر بھٹو کی جان کی قربانی کی وجہ سے اس کرسی تک پہنچیں ہیں اور امید ظاہر کی کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق ایوان چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اراکین چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس اور غنڈوں کی مدد سے نہیں آئے۔یہ ربڑ سٹیمپ اسمبلی نہیں ہے بلکہ عوام کی منتخب کردہ اسمبلی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار سٹیبلشمنٹ کو شکست دی گئی ہے اور وہ زخمی ہوچکی ہے اور اب اس نے اپنے گر دکھا نے شروع کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نواز شریف اور آصف زرداری کے اتحادکے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے ،ایسی سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ ڈپٹی سپیکر رانا مشہود نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں سے ہمیں سبق دیا جا رہا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان لیکن آج یہ حلف لے کر معلوم ہوا ہے کہ سب سے پہلے اسلام اور پھر پاکستان۔ اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار دوست محمد کھوسہ نے وزارت اعلی کے عہدے کے لیے اپنے کاغذات جمع کرادئیے ہیں۔ | اسی بارے میں اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ09 April, 2008 | پاکستان پنجاب:وزارت اعلیٰ کے امیدوار نامزد09 April, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||