پنجاب:وزارت اعلیٰ کے امیدوار نامزد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی نئی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں بدھ کو ساڑھے تین سو کے قریب نومنتخب اراکین اپنے عہدوں کے حلف اٹھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے ایک پریس کانفرنس میں سردار دوست محمد کھوسہ کو اکثریتی اتحاد کی جانب سے وزیر اعلی کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ رانا محمد اقبال سپیکر اور رانا مشہود ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہونگے۔ پینتیس برس کے دوست محمد کھوسہ مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے صاحبزادے ہیں۔ اپنی نامزدگی کے بعد بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وزارت اعلی پارٹی کے صدر شہباز شریف کی امانت ہے اور جب وہ ضمنی انتخاب کے بعد ایوان میں پہنچیں گے تو اس عہدے کو سنبھال لیں گے۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کاغذات نامزدگی مسترد ہوجانے کی وجہ سے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے تھے البتہ ان کی پارٹی صوبہ میں عددی لحاظ سے سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ مسلم لیگی قیادت کا خیال ہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوجائیں گے۔ منگل کو دونوں جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کے الگ الگ اجلاس ہوئے جس میں پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے ہی اجلاس میں بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ راجہ ریاض نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ بعد میں کسی مناسب وقت پر ایک نئی قرار داد پیش کر کے پنجاب اسمبلی کی سابق دور کی اس قرارداد کو رد کردیا جائے گا جس میں باوردی صدرکی حمایت کی گئی تھی۔ پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے فیصلے کے تحت بدھ کو پہلے اجلاس میں شرکت کے لیے پارٹی کے اراکین الگ سے ایک جلوس کی شکل میں ایوان پہنچ رہے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے پونے دو سو کے قریب اراکین پنجاب اسمبلی کے نزدیک واقع ہوٹل سے شہباز شریف کی قیادت میں بدھ کی صبح ایوان پہنچ رہے ہیں۔ شہباز شریف کے علاوہ مسلم لیگ نون کے صدر سردار ذوالفقار علی کھوسہ، سیکرٹری جنرل راجہ اشفاق سرور اور مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر میاں غلام حسین شاہد کی بھی پہلے اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو اپنے ساتھ مہمان لانے سے سختی سے منع کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ شیر افگن کے ساتھ ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے اور وہ نہیں چاہتےکہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کسی بھی طرح کی کوئی بدمزگی پیدا ہوپائے۔ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعلی ہاؤس کے اخراجات میں کمی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے برس پینتیس کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے تھے جو ستر فی صد رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا اسی طرح وزیر اعلی آفس کی ڈیڑھ دوسو گاڑیوں میں سے دو کو چھوڑ کر باقی تمام فروخت کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعلی حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے میڈیا کو لیکر اس وزیر اعلی ہاؤس جائیں گے جس کی تعمیر کے لیے ٹیکس کے ارب ہا روپے لگا دیے گئے۔یہ شان و شوکت میڈیا کو دکھانے کے بعد اس شاندار عمارت کے دروازے وزیر اعلی پنجاب پر ہمیشہ کے لیے بند ہوجائیں گے اور اس مقام پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی قائم کی جائےگی۔ اراکین کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی اسمبلی میں مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی نشستیں پونے تین سو کے لگ بھگ ہیں۔ یہ پنجاب کی چودھویں اسمبلی ہے جس کے اراکین کی مجموعی تعداد تین سو اکہترہے۔ سیکرٹری اسمبلی کے مطابق ان میں سے دس امیدواروں نے قومی اسمبلی میں کامیابی کے بعد نشست چھوڑ دی ہے، دو امیدواروں نے دو دونشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور پانچ حلقوں کے انتخابات امیدوار کی موت کی وجہ سے منسوخ ہوئے اور ایک کے نتائج عدالت نے روک رکھے ہیں۔ سیکرٹری اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ کسی رکن اسمبلی کے مہمانوں کو پاس جاری نہیں کیے گئے اور اراکین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث وزٹرز گیلری میں بھی اراکین اسمبلی بیٹھیں گے۔ مسلم لیگ قاف نے چودھری ظہیر الدین کو قائد حزب اختلاف نامزد کر رکھا ہے اور کل ان کی قیادت میں مسلم لیگ قاف کے اراکین اسمبلی ایوان میں پہنچیں گے۔ | اسی بارے میں پنجاب:حکومت سازی کا فارمولا طے05 April, 2008 | پاکستان پنجاب: اعلٰی افسران کی فہرستیں تیار03 April, 2008 | پاکستان پنجاب: دو تہائی اکثریت کا مظاہرہ08 March, 2008 | پاکستان پچیس ارکان نواز لیگ میں شامل26 February, 2008 | الیکشن 2008 نواز لیگ، پنجاب پر ہی زور دیا22 February, 2008 | الیکشن 2008 | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||