اسمبلی اجلاس 17 مارچ کو طلب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے نو منتخب قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس پیر سترہ مارچ کو بلانے کا اعلان کیا ہے۔ صدر کے ترجمان میجر جنرل (ریٹائرڈ) راشد قریشی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے وزیراعظم کی جانب سے موصول ہونے والی سمری پر دستخط کردیے ہیں اور قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح گیارہ بجے ہوگا۔ سرکاری ٹی وی چینل ’پی ٹی وی‘ نے ذرائع کے حوالے سے خبر نشر کی ہے کہ صدر نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس سترہ مارچ کو طلب کرلیے ہیں۔ لیکن اس بارے میں جب صدر کے ترجمان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ صدر نے صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب نہیں کیے کیونکہ کسی بھی صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا اختیار متعلقہ صوبوں کے گورنر کے پاس ہوتا ہے۔ جب ان سے پوچھا کہ کیا گورنرز نے بھی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس سترہ مارچ کو طلب کیے ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کے علم میں نہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں اکثر ایسا دیکھنے کو ملا ہے کہ پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوتا ہے اور چند روز بعد صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس بلائے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے ابتدائی اجلاس کی صدارت مدت مکمل کرنے والی سابقہ اسمبلی کے سپیکر چودھری امیر حسین کریں گے جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کی صدارت بھی سابقہ اسمبلیوں کے سپیکر کریں گے۔ سترہ مارچ کو بلائے گئے اجلاس میں اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے اور اس کے ساتھ ہی نو منتخب اسمبلیوں کے سپیکرز اور ڈپٹی سپیکرز کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا۔ نو منتخب سپیکر قائد ایوان کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کریں گے۔ مرکز میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کے تعاون سے حکومت بنانے کا اعلان کرچکی ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ تین سو بیالیئس اراکین اسمبلی کے ایوان میں انہیں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے شراکت اقتدار کا جو فارمولہ طے کیا ہے اس کے مطابق وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے پیپلز پارٹی کو ملیں گےجبکہ کابینہ میں دونوں جماعتوں کے اراکین شامل ہوں گے۔ | اسی بارے میں ’قرارداد سے ججز بحال نہیں ہوسکتے‘10 March, 2008 | پاکستان پنجاب: دو تہائی اکثریت کا مظاہرہ08 March, 2008 | پاکستان بلوچستان اسمبلی اب کیا کر پائے گی؟09 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||