’صدر کا فیصلہ آئین کے مطابق‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر پرویز مشرف کے بارے میں فیصلہ اس ملک کے آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف سے ان کے رائے ونڈ روڈ والے فارم ہاؤس پر ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا ججوں کی بحالی کے بارے میں جو فیصلہ ہوا تھا وہ قائم ہے اور اس سلسلے میں بھوربن اعلامیے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس فلک شیر کے سنیارٹی کیس کو ری اوپن کر کے انہیں افتخار محمد چودھری کی جگہ چیف جسٹس لگائے جانے پر مبنی کسی تھیوری کا انہیں علم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں گندم کی قلت، بجلی کا بحران اور امن وعامہ کی خراب صورتحال ورثے میں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر حصے کو ان حالات کا سامنا ہے لیکن ملتان میں جو ہنگامہ آرائی ہوئی وہ ایک سازش تھی تا کہ کہا جا سکے کہ وزیر اعظم کے اپنے شہر میں حالات خراب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام متحد رہیں۔ یوسف رضا گیلانی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کےہمراہ ہیلی کاپٹر پر شریف فارم ہاؤس پہنچے تو میاں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ نواز شریف نے یوسف رضاگیلانی کے اعزاز میں ظہرانے کا بندوبست کیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی جب صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے تو میاں نواز شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے تاہم انہوں نے میڈیا سے زیادہ گفتگونہیں کی۔ مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ضمنی انتخابات کے لیے لاہور اور راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی ان دونوں نشستوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں جو مسلم لیگی رہنما جاوید ہاشمی نے خالی کی تھیں۔ شہباز شریف نے لاہور سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو چون سے کاغذات حاصل کیے ہیں اس نشست پر امیدوار کے قتل کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ اٹھارہ اکتوبر کے عام انتخابات کے لیے نواز شریف اور شہباز شریف دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیےگئے تھے۔ مسلم لیگ نون کے صدرشہباز شریف نے مسترد کیے جانے کے عمل کو ایوان صدر کی ایک سازش قرار دیا ہے۔ | اسی بارے میں ’وہی آئین ہے جو دو نومبر کو تھا‘11 March, 2008 | پاکستان ’صدر مشرف کا مواخذہ کیا جائے‘10 March, 2008 | پاکستان پارلیمان اور صدر کا ابتدائی محتاط رویہ20 March, 2008 | پاکستان ’نہ بحالی نہ صدر کا مواخذہ‘05 April, 2008 | پاکستان جنرل کا بیان اور صدارتی مستقبل07 March, 2008 | پاکستان آصف زرداری کا وکلاء کو انتباہ 08 April, 2008 | پاکستان عارفہ اور صبا کا کوئی خواب نہ تھا11 June, 2005 | پاکستان کراچی:خاتون جج نے خودکشی کرلی03 September, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||