لاہور میں دو مبینہ شدت پسند گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور پولیس نے جی پی او چوک اور نیوی وار کالج کے خود کش حملوں میں ملوث دو مبینہ شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارود اور خودکش حملوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کیاگیا۔ ملزموں کی گرفتاری کا اعلان لاہور کے کیپٹل سٹی پولیس چیف ملک اقبال نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے دونوں ملزموں، محمد شہزاد اور ندیم حسین کا تعلق ایک کالعدم مذہبی تنظیم جہاد اسلامی سے ہے جس کا مرکز جنوبی وزیرستان میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ان خود کش حملہ آوروں کے ساتھی ہیں جنہوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران الگ الگ دھماکوں میں تین درجن کے قریب سرکاری اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔ پولیس حکام نے اسے خودکش دھماکوں کے ایک ایسے سلسلے کی کڑی قرار دیا تھا جس کا نشانہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو بنایا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ جی پی او چوک اور نیوی وار کالج کے دھماکوں میں ہلاک ہونے والے تینوں خودکش حملہ آور غیر ملکی تھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ حتمی طور پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کا القاعدہ سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ پولیس نے صحافیوں کو لاہور کے علاقے وحدت کالونی میں ملزم شہزاد کے کرائے کے اس مکان کا دورہ کرایا جہاں وہ اور اس کے ساتھی دھماکوں کی منصوبہ بندی کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق دوسرے ملزم ندیم حسین نے ایک پبلک کال آفس کھول رکھا تھا اور اس کی آڑ میں خودکش حملہ آوروں کی معاونت کرتا تھا، بلکہ حملہ میں استعمال ہونے والا بارود بھی اپنے گھر رکھتا تھا۔ پولیس کے مطابق انہوں نے ملزموں کے قبضے سے بارود بھری پچیس بوریاں، کیمکلز، ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹیں اور دھماکوں میں استعمال ہونے والے دیگر آلات برآمد کیے ہیں۔ سٹی پولیس چیف نے کہا کہ ملزموں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے لاہور میں مزید دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ پولیس ان کے ’ماسٹر مائینڈ‘ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ |
اسی بارے میں لاہور دھماکے، 30 ہلاک، 160 زخمی11 March, 2008 | پاکستان لاہور دھماکے: عینی شاہدین نے کیا دیکھا11 March, 2008 | پاکستان لاہور دھماکہ،ہلاک شُدگان کی تدفین12 March, 2008 | پاکستان خودکش حملے: پاکستان سرفہرست23 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||