بی بی، ارباب کے خلاف درخواستیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو اور سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کے عام انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ سندھ میں نامزدگی فارم منظور اور مسترد ہونے کے خلاف سماعت کے لیے دو اپیلٹ ٹربیونل بنائے گئے تھے، جن میں دو روز کے اندر تراسی اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ جمعہ کو اپیل دائر کرنے کا آخری دن تھا، یہ ٹربیونل چودہ دسمبر تک ان اپیلوں کے فیصلے کریں گے۔ بینظیر بھٹو لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے دو سو چار سے امیدوار ہیں، ان کے مدمقابل مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار بابو سرور سیال نے جمعہ کو ان کے نامزدگی فارم کو چیلنج کیا۔ اپنے اعتراضات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا ملکی قانون کے تحت کوئی بھی سزا یافتہ یا مفرور شخص الیکشن نہیں لڑسکتا ہے جبکہ بینظیر بھٹو قومی احتساب بیورو کے تین ریفرنسوں میں سزا یافتہ ہیں۔
بابو سرور سیال کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے فارم اسی نوعیت کے الزامات کے تحت رد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک میں دو قانون کیسے ہوسکتے ہیں۔ لاڑکانہ ضلع کے چار میں سے تین تحصیل ناظمین کا تعلق مسلم لیگ قائد اعظم سے ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ق کے امیدوار پر سرکاری وسائل کے استعال کا الزام عائد کیا جارہا ہے مگر بابو سرور سیال کا کہنا تھا کہ ان الزامات میں صداقت نہیں ہے ۔ تھرپارکر کی قومی اور صوبائی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد خان لُنڈ نے ارباب غلام رحیم کے نامزدگی فارم کو چیلینج کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ ارباب غلام رحیم کی ڈگری جعلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارباب غلام رحیم کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بھی زیر سماعت ہے اور انہوں نے جو اثاثے ظاہر کیے ہیں ان میں بھی غلط بیانی کی گئی ہے۔ محمد خان لُنڈ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ حلقے میں سرکاری وسائل کا استعمال کر رہے ہیں، ضلع ناظم اور نگران صوبائی وزیر ان کے رشتیدار ہیں وہ سرکاری ملازموں کے تبادلے کروا رہے ہیں اور لوگوں میں ملازمتوں کے آرڈر تقسیم کر رہے ہیں اور یہ کہ ان کے پاس شواہد اور ثبوت موجود ہیں مگر الیکشن کمیشن اس کا نوٹس نہیں لے رہا۔ | اسی بارے میں ’نواز الیکشن نہیں لڑ سکتے‘03 December, 2007 | پاکستان کراچی: اڑتیس کاغذات مسترد04 December, 2007 | پاکستان امیدواروں کی ڈگریوں پر اعتراض05 December, 2007 | پاکستان گیلانی کے کاغذات، منظوری پر اعترض07 December, 2007 | پاکستان ’منصفانہ انتخاب کے لیے آزاد عدلیہ لازم‘06 December, 2007 | پاکستان نااہلیت کا فیصلہ سیاسی ہے: شہباز01 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||