 | | | پرویز مشرف نے مجھے بتایا تھا کہ وہ وردی ضرور اتاریں گے: جارج بش |
امریکی صدر جارج بش نے پرویز مشرف کی بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کا خیر مقدم کیا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ آزادانہ اور شفاف انتخات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایمرجنسی کا خاتمہ کریں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر جارج بش نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ’میرے خیال میں پاکستان کو جمہوریت کی پٹری پر واپس لانے کے لیے ضروری ہے کہ پرویز مشرف انتخابات سے قبل ایمرجنسی ختم کریں۔‘ پرویز مشرف نے بدھ کی صبح جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ایک تقریب میں نو برس فوج کے سربراہ رہنے کے بعد آرمی کی کمان جنرل اشفاق پرویز کیانی کو سونپ دی۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف جمعرات کی صبح آئندہ پانچ برس کے لیے صدرِ پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا رہے۔ پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر پرویز مشرف سے صدارتی حلف لیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق صدر بش نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی تعریف کی اور ریڈیکل اور انتہا پسندوں سے نمٹنے کے معاملے پر انہیں ’پکا با اعتماد پارٹنر‘ قرار دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے بین الاقوامی دباؤ کے نتیجے میں آٹھ سالہ فوجی سربراہ رہنے کے بعد وردی اتار دی ہے ’جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا: ’بہت سے لوگوں کو یقینی نہیں تھا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف وردی اتاریں گے۔ لیکن انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ وہ وردی ضرور اتاریں گے۔اور انہوں نے اپنے وعدہ کا لحاظ رکھا جس کی میں تعریف کرتا ہوں‘۔ |