رفعت اللہ اورکزئی بی بی سی اردو ڈاٹ کام مینگورہ، سوات |  |
 | | | مالاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں کرفیو نافذ ہے |
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ ایجنسی میں فوجی قافلے پر ہونے والے ایک بم حملے میں آٹھ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے میں دو فوجی جوانوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ کی صبح ساڑھے چھ بجے مالاکنڈ ایجنسی سے ایک فوجی قافلہ گزر رہا تھا کہ بٹ خیلہ میں امان درہ کے مقام سڑک پر نصب بم پھٹنے سے قافلے میں شامل آٹھ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ تاہم مقامی ذرائع کا کہنا کہ دھماکے میں کم سے کم دو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے سے کم سے کم دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فوجی قافلہ مردان سے سوات جانے والے ایک اور بڑے فوجی قافلے کے لئے ( روڈ کور) راستہ صاف کر رہا تھا تاہم دھماکے بعد سوات جانے والے بڑے فوجی قافلے کو روک دیا گیا ہے۔ بٹ خیلہ میں مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ رات سے کرفیو نافذ ہے جبکہ تمام علاقہ سکیورٹی فورسز کے کنڑول میں ہے۔ ہلاکتوں اور دیگر نقصانات کی تصدیق میں مشکل پیش آرہی ہے۔ یاد رہے کے چند روز قبل بھی امان درہ کے مقام پر سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ |