ووٹروں نے فیصلہ کرنا ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے تین کروڑ ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا اور الیکشن کمیشن صدر صاحب کو بتائے کہ شہریوں کو ان کے حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی آئینی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ ان ووٹروں نے ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے اور ان لوگوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ بے نظیر بھٹو نے اپنی آئینی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والی کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹ میں سے تین کروڑ اہل ووٹر غائب ہیں اور الیکشن کمیشن ان شہریوں کا انداراج کرنے کے لیے تیار نہیں ہے جن کے پاس نادرا کا شناختی کارڈ نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، جسٹس رانا بھگوان داس اور جسٹس غلام ربانی شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے جمعرات کو مقدمے کی سماعت کے دوران کہا کہ حکومت اس مقدمہ کو اتنا پیچیدہ نہ بنائے کہ عدالت کو اسے نمٹانے میں کئی ماہ لگ جائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان لوگوں کو حق رائے دینے کا انتظام کرے جن کے پاس نادرا کا شناختی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی رولز کو آئین کے آرٹیکل پر ترجیح نہیں دی جا سکتی۔
الیکشن کمیشن کے اہلکار شیر افگن نے عدالت کو بتایا کہ بوگس ووٹروں کو خارج کیا گیا ہے اور نادرا کا شناختی کارڈ نہ رکھنے والے شہریوں کے ووٹر لسٹ میں اندراج کے لیے رولز میں تبدیلی کرنی پڑے گی اور اس کے لیے صدر سے منظوری لینی ہوگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اہلکار صدر صاحب کو بتائیں کہ لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا اور اسی طرح کے تنازعے پر سپریم کورٹ پہلے ہی اپنا فیصلہ صادر کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین کروڑ ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔ عدالت نےحکومتی وکیل کی درخواست پر مقدمے کی سماعت دس اگست تک ملتوی کر دی لیکن واضح کیا ہے کہ یہ وقت الیکشن کمشن کو ایسے انتظامات کرنے کے لیے دیا جا رہا ہے کہ وہ لوگوں کے آئینی حق دینے کا انتظام کرے۔ ایڈوکیٹ سردار لطیف کھوسہ اور فاروق ایچ نائیک نے بے نظیر بھٹو کی طرف سے مقدمے کی پیروی کی۔ |
اسی بارے میں 2002 الیکشن، دو کروڑ ’بوگس‘ ووٹر05 June, 2007 | پاکستان اسمبلی: نئی ووٹر لِسٹوں پر تشویش19 June, 2007 | پاکستان عبوری کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹیں تیار24 May, 2007 | پاکستان لاکھوں افراد ووٹر لسٹ سے خارج05 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||