عبدالحئی کاکڑ بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | جمعرات کو پاکستان میں کئی دھماکے ہوئے |
صوبہ سرحد کے شہر کوہاٹ میں جمعرات کی شام فوجی چھاؤنی کی مسجد میں ایک مبینہ خودکش حملے میں پندرہ افراد ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ کوہاٹ کے علاوہ جمعرات کو ہنگو اور حب میں حملے ہوئے اور اس طرح تینوں حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد اب 48 ہوگئی ہے۔ کوہاٹ کے ڈی آئی جی ذوالفقار چیمہ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ رات کے ساڑھے نو بجے فوجی چھاؤنی میں واقعہ ایک مسجد میں اس وقت پیش آیا جب لوگ عشاء کی نماز پڑھنے میں مصروف تھے۔ ان کے مطابق یہ بظاہر ایک خودکش حملہ معلوم ہو رہا ہے کیونکہ ایک سر ملا ہے جس کی مدد سے شناختی خاکہ تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔انکے بقول سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی تحقیقات کے لیے پولیس اور فوجیوں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان ہونے والا یہ دسواں خود کش حملہ ہے جس میں پہلی مرتبہ فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آج جمعرات کو ہی بلوچستان کے علاقے حب میں ایک بازار میں سڑک پر نصب بم پھٹنے سے سات پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں ایک کار خودکش بم حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ |