بےنظیر بریت کا فیصلہ بدھ کو | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسلام آباد کی ایک عدالت سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی چئرپرسن بےنظیر بھٹواور ان کے شوہر آصف علی زرداری کے خلاف غلط اثاثہ جات بتانے کے مقدمے میں ان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ چار جولائی کو سنائے گی۔ واضح رہے کہ بےنظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں اس مقدمے میں بریت کی درخواست دی تھی۔ پیر کے روز نیب کےڈپٹی پراسیکیوٹر عبدالبصیر قریشی نے اس درخواست کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فاضل عدالت اس مقدمے کو با قاعدہ سماعت کے لیے منظور کر چکی ہے اور اس موقع پر ملزمان کی بریت کی درخواست کو منظور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی سماعت کے دوران وہ ثابت کریں گے کہ بےنظیر بھٹو اور ان کے شوہرکے خلاف مقدمہ عوامی نمائندگان ایکٹ کے تحت دائر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ یہ مقدمہ قومی احتساب بیوروکے چئیرمین کی طرف سے بیجھے گئے ریفرنس پر دائر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے جس ڈائریکٹر نے یہ ریفرنس بھیجا ہے وہ اس کے مجاز نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے موکل نے انیس سو چورانوے اور پچانوے میں اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کروائے تھے اور اس وقت یہ جرم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگان ایکٹ دو ہزار دو میں جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انیس سو چورانوے پچانوے میں ہونے والے جرم کی سزا دو ہزار دو میں آنے والے قانون کے تحت کیسے دی جاسکتی ہے۔ عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کےبعد فیصلہ چار جولائی تک محفوظ کر لیا۔ واضح رہےکہ نیب نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں دو ہزار پانچ میں بےنطیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے خلاف اثاثہ جات کے بارے میں غلط بیانی پر عوامی نمائندگان کے ایکٹ کے سیکشن بیالیس اور بیاسی کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا۔ | اسی بارے میں انتخابی فہرستیں عدالت میں چیلنج26 June, 2007 | پاکستان ’مشرف اچھے، بے نظیر بری‘ 15 June, 2007 | پاکستان ’گرفتاری کے امکان کے باوجود واپسی‘ 30 May, 2007 | پاکستان مشرف بینظیر ڈیل پھر سرخیوں میں08 April, 2007 | پاکستان ’آزاد عدلیہ، بینظیر کردار ادا کریں‘14 March, 2007 | پاکستان بحران قابو سے باہر ہو سکتا ہے: بینظیر17 March, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||