پشاور:خودکش دھماکہ، 25 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں منگل کی دوپہر ناز سنیما روڈ پر واقع ایک افغان ہوٹل میں خود کش دھماکے میں پچیس افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ خود کش حملہ پرانے شہر میں تاریخی مسجد مہابت خان کے قریب مرحبا نامی ہوٹل میں ہوا۔ خود کش دھماکے سے دو دوکانوں پر مشتمل افغان ریسٹورنٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں اور دوکان کی چھت کو بھی نقصان پہنچا۔ کرائسز مینجمنٹ سیل کے سربراہ بریگیڈئر جاوید چیمہ کے مطابق اس حملے میں پچیس افراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ایس ایس پی پشاور افتخار خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دھماکے میں چوبیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ پشاور پولیس کے سربراہ عبدالمجید مروت نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے نمائندے رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ دھماکہ ایک خودکش حملہ تھا۔انہوں نے دعوٰی کیا کہ پولیس کو خودکش حملہ آور کی ٹانگیں ملی ہیں جس کے ساتھ پشتو زبان میں لکھا ہوا ایک خط بھی تھا جس میں کہا گیا تھا کہ’امریکیوں کا جو غلام ہے اس کا یہی انجام ہے‘۔
زخمیوں کو قریبی لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ہسپتال حکام کے مطابق اکیس لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت افغان مہاجرین کی ہے اور ان میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ حملے کے عینی شاہدوں کے مطابق خود کش حملہ دوپہر کے کھانے کے دوران اس وقت ہوا جب ہوٹل گاہکوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مرحبا ہوٹل کے ملازمین کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ہوٹل کا مالک اور اس کے تین بیٹے بھی شامل ہیں۔ یہ ہوٹل مزارِ شریف سے تعلق رکھنے والے ایک افغان مہاجر کی ملکیت تھا۔ ہوٹل کے ایک ملازم عبدالرشید کے مطابق’ ایک کان پھاڑ دینے والا دھماکہ ہوا اور استقبالیہ کا کمرہ دھوئیں سے بھر گیا اور کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا‘۔ صوبہ سرحد میں حالیہ مہینوں میں متعدد خودکش حملے ہو چکے ہیں اور چند ہفتے قبل چارسدہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ کی ریلی پر بھی ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس میں اٹھائیس افراد مارے گئے تھے جبکہ گزشتہ محرم میں ایک خود کش دھماکے میں سرحد پولیس کے کئی اعلیٰ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ | اسی بارے میں خودکش حملہ: چوبیس ہلاک، شیرپاؤ زخمی28 April, 2007 | پاکستان شیرپاؤ پر حملہ: مرنے والے 28 ہو گئے29 April, 2007 | پاکستان پشاور ائر پورٹ پر دھماکہ28 April, 2007 | پاکستان کوئٹہ: گیس پائپ لائن پر دھماکہ02 May, 2007 | پاکستان کوہاٹ: پولیس لائن میں دھماکہ06 May, 2007 | پاکستان مردان: لڑکیوں کے سکول میں دھماکہ11 May, 2007 | پاکستان دھماکہ:سابق فراری کمانڈر زخمی12 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||