کرم ایجنسی میں شیعہ سنی معاہدہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ شعیہ اور سنی فریقوں کے مابین تحریری امن معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے مطابق کل سے علاقے میں تقریباًً ایک ماہ سے بند تمام سڑکیں کھول دی جائیں گی جبکہ پارہ چنار شہر سے کرفیو بھی اٹھا لیا جائےگا ۔ پولیٹکل ایجنٹ کرم ایجنسی صاحبزادہ انیس محمد نے بدھ کو پارہ چنار میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فریقین کےمابین امن معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق کل سے ایجنسی کے حدود میں تمام سٹرکیں عام ٹریفک کےلئے کھول دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارہ چنار شہر میں تقریباًً ایک ماہ سے نافذ کرفیو بھی کل سے اٹھالیا جائے گا جبکہ تمام تعلیمی ادارے بھی پیر کو کھول دیے جائیں گے۔ اس سے قبل پولیٹکل ایجنٹ کرم ایجنسی کے دفتر سے اعلان امن کے نام سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 28 اپریل کو شیعہ اور سنی فریقوں کے نمائندہ افراد پر مشتمل ایک جرگہ کرم ملیشا پوسٹ ( صدہ ) میں منعقد ہوا جس میں دونوں فریقوں نے اپنی جانب سے عوامی نمائندوں کو واک یا اختیار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آمد ورفت کے تمام راستوں اور سڑکوں پر امن ہوگا جبکہ کاروبار زندگی مکمل امن کی فضا میں بحال رہے گی۔ بیان کے مطابق کسی بھی فرد یا افراد کی طرف سے کوئی بدامنی کا واقعہ ہوا تو قوم ایسے افراد کی حمایت نہیں کریگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق حالیہ واقعات کے محرکات و اسباب معلوم کرنے، ذمہ دار افراد کی نشاندہی، اور تمام تصفیہ طلب امور جرگے میں بذریعہ گفت و شنید حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ بیان پر کرم ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ کے علاوہ ایجنسی کے موجودہ اور سابق اراکین پارلمینٹ حاجی منیر خان اورکزئی ایم این اے، سینیٹر انجنئیر رشید ، ڈاکٹر سید جاوید حسین ایم این اے اور سابق سینیٹر سید جاوید حسین میاں کے دستخط موجود ہیں۔ واضح رہے کہ چھ اپریل کو کرم ایجنسی میں مذہبی جلوس کے مسئلے پر فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پھوٹ پڑے تھے جس میں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 84 ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ آزاد اور مقامی ذرائع ہلاک شدگان کی تعداد ڈیڑھ سو کے قریب بتا رہے ہیں۔ ان جھڑپوں کے باعث مرکزی ٹل پارہ چنار شاہراہ اور تمام تعلیمی ادارے تقربیاً گزشتہ ایک ماہ سے بند ہیں ۔ | اسی بارے میں پارہ چنار:لڑائی پھیل گئی، فوج طلب06 April, 2007 | پاکستان کرم ایجنسی میں حالات معمول پر19 April, 2007 | پاکستان پارہ چنار: آتشزدہ املاک،خوفزدہ لوگ21 April, 2007 | پاکستان کرم ایجنسی دفاتر بینک کھل گئے23 April, 2007 | پاکستان لشکراسلامی کااہم مرکز تباہ 19 April, 2007 | پاکستان کرم: فائر بندی کی کوشش اور ہلاکتیں12 April, 2007 | پاکستان ’لڑائی کی شدت ناقابلِ بیان ہے‘10 April, 2007 | پاکستان ہلاکتیں 50 تک ہو سکتی ہیں: شیرپاؤ07 April, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||