رفاقت علی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
| | جسٹس افتخار محمد چودھری جمعہ کو جوڈیشل کونسل کے سامنے پیش ہوئے |
سپریم جوڈیشل کونسل کی طرف سے جسٹس افتخار محمد چودھری پر سے تمام پابندیاں اٹھانے کے حکم کے باوجود جسٹس افتخار کے گھر کو جانے والے تمام راستوں پر اب بھی پولیس موجود ہے۔ ججزکی رہائش گاہ کو جانے والے تمام راستوں پر پولیس موجود ہے اور وہاں سے صرف ان لوگوں کو گزرنے کی اجازت دی جاتی ہے جو یہ ثابت کریں کہ وہ ججزکالونی، سندھ ہاؤس یا پنجاب ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں۔ پولیس ذرائع ابلاغ کے کسی نمائندے کو بلوچستان ہاؤس سے آگے جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے جمعہ کے روز اپنے حکم میں کہا تھا کہ جسٹس افتخار محمد چودھری پر سے نقل و حمل کی تمام پابندیاں اٹھا لی جائیں اور سیکورٹی ایجنسی کا کوئی اہلکار جسٹس افتخار محمد چودھری کی مرضی کے بغیر ان کی رہائش گاہ میں نہ داخل ہو۔ جسٹس افتخار محمد چودھری کےگھر کے تمام فون اب بھی کام نہیں کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز بند کمرے میں ہونے والی سماعت میں ان کے وکلاء کے پینل کے سربراہ چودھری اعتزاز احسن کو ایک ٹیلی فون نمبر بتایا گیا جس پر وہ جسٹس افتخار محمد چودھری سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ |