استعفے نہ بائیکاٹ، قاضی بدستور صدر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں چھ دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی مرکزی کونسل نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے اور مستعفی ہونے کا فیصلہ حتمی طور پر واپس لےلیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد کو مزید دو برس کے لیے صدر منتخب کر لیا گیا۔ مرکزی کونسل کا اجلاس منگل کو قاضی حسین احمد کی صدارت میں ہوا جس میں ایم ایم اے کےسیکرٹری جنرل فضل الرحمان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تمام چھ جماعتوں کے سربراہ اور تین تین دیگر رہنما شریک ہوئے۔ بعد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اور جمعیت علمائے پاکستان کے پیر اعجاز ہاشمی نے ایک پریس کانفرنس میں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی اور جماعت اسلامی نے استعفوں کی حمایت کی جبکہ دیگر تمام چار جماعتوں نے اس کی مخالفت کی تاہم مجلس عمل کا اتحاد برقرار رکھنے کے لیے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ مجلس عمل کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس بدھ کو ہوگا جس میں قومی اسمبلی میں پارٹی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے کسی مرحلے پر مشترکہ استعفوں کا فیصلہ کیا تو ایم ایم ان کا ساتھ دینے پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجلس عمل کو انتشار کے مخمصے سے نکالنے اور اس کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقومی طور پر مسلمانوں کو مختلف فرقوں میں تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے یہ بھی مجلس کا اتحاد ضروری ہے۔ لیاقت بلوچ نے بتایا کہ مرکزی کونسل نے فضل الرحمان کو دوبارہ سیکرٹری جنرل منتخب کیا ہے جبکہ دیگر جماعتوں کے سربراہوں پروفیسر ساجد میر، صاحبزادہ انس نورانی، علامہ ساجدنقوی اور پیرعبدالرحیم نقشبندی کو نائب صدور منتخب کیا گیا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے دو عہدے جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے پاکستان کو جبکہ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے دو عہدے مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جے یو آئی سینیئر کو دیئےگئے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ جے یو پی اور سیکرٹری مالیات کا عہدہ عوامی تحریک پاکستان کو دیا گیا ہے۔یہ تمام جماعتیں نامزدگیاں جنرل کونسل کو بھجوائیں گی جو ان کے انتخاب کا اعلان کرے گی۔ | اسی بارے میں ’حکمران کھرب پتی، عوام غریب‘10 February, 2007 | پاکستان ایم ایم اے: تیرہ فروری تک بائیکاٹ07 February, 2007 | پاکستان ایم ایم اے کے لیے لمحہ فکریہ؟11 January, 2007 | پاکستان ’وردی میں ملبوس جمہوریت ہے‘10 December, 2006 | پاکستان لاہور: لاٹھی چارج اورگرفتاریاں30 November, 2006 | پاکستان ایم ایم اے کا کراچی میں مظاہرہ26 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||