’امریکہ کے لیے جاسوسی‘: دو قتل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دو افراد کو امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں قتل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں افراد کی لاشیں منگل کی صبح شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے تقریباً پندرہ کلومیٹر مشرق کی جانب مبارک شاہی گاؤں کے قریب بنوں میران شاہ سڑک کے کنارے پڑی ملی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ میران شاہ سے موصول اطلاعات کے مطابق لاشوں کے پاس اردو زبان میں ایک خط بھی ملا ہے جس میں قتل ہونے والے دونوں افراد پر امریکہ کے لیے جاسوسی کر نے کا الزام لگایا گیا ہے۔ خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکہ کے لیے جاسوسی کر نے والوں کا انجام یہی ہوگا۔ ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں افراد کی ٹانگوں اور سر میں گولیاں ماری گئی تھیں جبکہ ان کے ہاتھ پیچھے سے بندھے ہوئے تھے۔ عینی شاہد کے بقول ہلاک ہونے والے دونوں افراد افغان معلوم ہورہے تھے۔ حکام نے لاشیں میران شاہ کی ٹاؤن کمیٹی میں شناخت کے لیے رکھ دی ہیں۔اب تک کسی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ چند روز قبل بھی پاک افغان سرحد کے قریب غلام خان کے مقام پر نامعلوم افراد نے غفور تنی نامی ایک افغان کو امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کےالزام میں قتل کردیا تھا۔ شمالی وزیرستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے ٹارگٹ کلنگ اور جاسوسی کے الزام میں قتل کرنے کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ ماضی میں اس قسم کی ہلاکتوں کی ذمہ داری علاقے میں سرگرم مبینہ شدت پسندوں پر لگائی جاتی رہی ہے۔ گزشتہ سال پانچ ستمبر کو حکومت اور مقامی طالبان کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پایا تھا جس میں ٹارگٹ کلنگ پر پابندی لگائی گئی تھی مگر اس کے باوجود یہ سلسلہ ختم نہیں ہو سکا ہے۔ |
اسی بارے میں شمالی وزیرستان: ’مخبر‘ عالم کا قتل03 November, 2006 | پاکستان وزیرستان میں امن معاہدے پر زور16 January, 2007 | پاکستان وزیرستان امن معاہدہ خطرے میں01 November, 2006 | پاکستان ’بُش کو وزیرستان معاہدہ پر اعتماد‘28 September, 2006 | پاکستان وزیرستان: مبینہ جاسوس قتل21 September, 2006 | پاکستان وزیرستان: جاسوسی کے الزام میں ہلاک09 September, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان میں غالب کون؟08 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||