پندرہ ماہ بعد دو لاشیں برآمد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زلزلے کے پندرہ ماہ بعد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ایک متاثرہ علاقے میں اتوار کے روز ملبے کے نیچے سے دو خواتین کی لاشیں نکالی گئی ہیں ۔ یہ دونوں خواتین چچا زاد بہنیں ہیں ۔ یہ لاشیں مظفرآباد سے کوئی ساٹھ کلومیڑ کے فاصلے پر جنوب مشرق میں وادی جہلم کے ایک گاؤں گیل جبڑا میں برآمد کی گئیں۔ ان دونوں خواتین کا تعلق گیل جبڑا سے ہی تھا۔ ان خواتین کے عزیزوں کا کہنا ہے کہ یہ لاشیں قدرے ٹھیک حالت میں تھیں اور انہیں چہروں سے شناخت کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آٹھ اکتوبر سن دو ہزار پانچ کے زلزلے کے روز بائیس افراد ایک ہی جگہ مٹی اور پہاڑی تودے کی زد میں آگئے تھے جن میں اٹھارہ افراد کی لاشیں زلزلے کے پندرہ روز بعد ہی نکال لی گئی تھیں لیکن مناسب مشینری نہ ہو نے کے باعث دو خواتین سمیت چار افراد کی لاشیں نہیں نکالی جاسکیں تھیں۔
ان کے عزیزوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ پندرہ ماہ سے ان لاشوں کو نکالنے کی کوششیں کررہے تھے لیکن مناسب مشینری نہ ہونے کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی درخواست پر حکام نے ان کو زمین کھودنے والی چھوٹی مشین فراہم کی لیکن اس سے بڑے بڑے پتھر نہیں ہٹائے جاسکتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکام کو تواتر سے یہ درخواست کی جاتی رہی کہ ان کو زمین کھودنے والی بڑی مشین فراہم کی جائے اورکچھ ہفتے پہلے حکام نے یہ مشین فراہم کی جس کی وجہ ان لاشوں کو نکالنا ممکن ہوسکا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دیگر دو لاشوں کو نکالنے کے لیے کام جاری ہے اور ان کو امید ہے کہ باقی دو لاشوں کو بھی جلدی نکال لیا جائے گا۔ حکومت یا امدادی تنظیموں کے پاس کوئی اعداد شمار نہیں کہ آٹھ اکتوبر سن دو ہزار پانچ کے زلزلے کے باعث کتنے لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ | اسی بارے میں امدادی ادارے، جنسی استحصال کے الزام09 October, 2006 | پاکستان امدادی ادارے، جنسی ہراس کاالزام14 October, 2006 | پاکستان ’مالکانِ مارگلہ ٹاورز کو حوالےکرو‘30 October, 2006 | پاکستان پاکستانی کشمیر: زلزلے کے جھٹکے05 November, 2006 | پاکستان کشمیر: سردی سے چار بچے ہلاک05 December, 2006 | پاکستان زلزلہ: کرپشن، ایک شخص گرفتار 10 January, 2007 | پاکستان زلزلے کی رقوم کی تفصیلات طلب18 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||