تشدد کے خلاف صحافیوں کا مظاہرہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی دارالحکومت کے صحافیوں کی مقامی تنظیم کی اپیل پر صحافیوں پر تشدد کے خلاف جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمینٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دے کر مصروف ترین شاہراہ بند کردی۔ صحافیوں کے نمائندوں سی آر شمسی، مشتاق منہاں اور دیگر صحافیوں نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھبیس جنوری کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل پر خود کش بم حملے کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور فوٹو گرافرز پر تشدد کا حکم دینے والے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر معین مسعود کو معطل کرنے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ مقررین نے کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض ادا کرنے سے روکنا خلاف آئین ہے۔ ان کے مطابق پولیس نے متعلقہ افسر کے حکم پر صحافیوں پر لاٹھیاں برسائیں اور انہیں زخمی کردیا جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ صحافیوں نے اس موقع پر حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے اور متعلقہ افسر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرہ کرنے والے صحافی خاصے مشتعل تھے اور انہوں نے بعد میں تین گھنٹے تک زیرو پوائنٹ کے سامنے آبپارہ جانے والی شہر کی مصروف ترین سڑک پر دھرنا دیا اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات طارق عظیم صحافیوں سے ملنے آئے اور کہا کہ انتظامیہ نے ایک ڈی ایس پی اور تھانہ سیکریٹریٹ کے انچارج افسر کو معطل کردیا ہے۔ اس پر صحافیوں کے نمائندوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو صحافیوں پر تشدد کی وجہ سے نہیں بلکہ ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کی بنا پر معطل کیا گیا ہے۔ وزیر نے بعد میں صحافیوں کو ڈی آئی جی سطح کے سینیئر پولیس افسر سے تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ لیکن صحافیوں نے ان سے کہا کہ وہ زبانی کلامی یقین دہانی نہیں تسلیم کریں گے اور بلکہ حکومت ٹھوس اقدام کرے۔ کافی دیر کی بحث وتکرار کے بعد فریقین میں معاملات طے نہیں ہوئے اور صحافیوں کا دھرنا آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اسلام آباد کی کوئی مصروف شاہراہ پانچ گھنٹے سے زیادہ دیر تک مسلسل بند رہی ہے۔ | اسی بارے میں سہیل قلندر کی بازیابی کے لیے احتجاج31 January, 2007 | پاکستان صحافی کا قتل، سیکرٹری فاٹا معطل28 April, 2006 | پاکستان عمر شیخ کراچی جیل میں منتقل18 May, 2006 | پاکستان حکومت کے کان پر جو تک نہیں رینگی16 June, 2006 | پاکستان بات کرنے سے روکا گیا ہے: مکیش23 June, 2006 | پاکستان ایڈیٹر کے خلاف رپورٹر کا مقدمہ 20 July, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||