رفعت اللہ اورکزئی بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور |  |
 | | | فائل فوٹو: باجوڑ پر حملہ |
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں لیویز کے ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے راکٹ حملے میں ایک سپاہی شدید زخمی ہوگیا ہے۔ باجوڑ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات صدر مقام خار سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع صدیق آباد چیک پوسٹ پر اس وقت پیش آیا جب تیس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے چالیس منٹ تک لیویز اہلکاروں پر بھاری اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس سے لیویز اہلکار سیف اللہ شدید زخمی ہوگیا۔ خار کے پولیٹکل تحصیلدار طارق حسن نے بی بی سی کو بتایا کہ سیکورٹی فورسزز نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملہ آور جنہوں نے چہرے پر نقاب باندھے ہوئے تھے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ لیویز اہلکاروں اور حملہ آوروں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے اردگرد کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکلے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران باجوڑ میں سیکورٹی فورسزز کی جانب سے بنائے گئے چیک پوسٹوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نو جنوری کی رات باجوڑ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے چوالیس کےلئے ضمنی انتخابات سے ایک دن قبل مختلف چیک پوسٹوں پر کئی حملے ہوئے جس میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے۔ تاحال ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے باضابطہ طور پر قبول نہیں کی ہے۔ |