عمر شیخ کی اپیل پر سماعت ملتوی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قتل میں سزائے موت پانے والے برطانوی شہری عمر شیخ اور دیگر تین ملزمان کی اپیلوں پر سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئی ہے۔ چار سال کے بعد پیر کی صبح سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس رحمت حسین جعفری اور جسٹس منیب خان پر مشتمل اپیلٹ بینچ نے ان اپیلوں کی سماعت کی تھی۔ منگل کو جیسے ہی سماعت شروع ہوئی تو وکیل استغاثہ راجا قریشی نے عدالت کو بتایا کہ وہ سپریم کورٹ میں کچھ مقدمات کی وجہ سے مصروف ہیں اس لیے دوسری تاریخ مقرر کی جائے۔ ملزمان کے وکیل سلطان خواجہ اور رائے بشیر نے بتایا کہ وہ ان اپیلوں کی سماعت کے لیے اس ہفتے کراچی میں ہی موجود ہیں اس لیے سماعت جاری رکھی جائے۔
جسٹس رحمت حسین جعفری اور جسٹس منیب خان پر مشتمل اس عارضی بینچ نے سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔ رائے بشیر ایڈوکیٹ نے بی بی سی سے کو بتایا کہ ساڑھے آٹھ بجے کے بجائے ساڑھے نو بجے سماعت جیسے شروع ہوئی تو راجا قریشی نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس سے قبل تو ملزماں کے وکیل اس اپیل پر کارروائی ملتوی کرواتے رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے وہ مصروف تھے کیونکہ سپریم کورٹ کو اولیت دینی ہوتی ہے اس وجہ سے یہ ملتوی ہوتا رہا ہے، مگر یہ ہفتہ ہم خالی لے کر آئے تھےتا کہ اس کو مکمل کیا جائے۔ ڈینئل پرل پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہندوستان کے دورے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت زیادہ عرصے کے لیئے نہیں گئے تھے۔ فلم سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے انہیں کوئی پیشکش نہیں کی تھی اگر کرتے تو بھی وہ اسے قبول نہ کرتے۔
اس سے قبل پیر کو سماعت کے پہلے دن احمد عمر شیخ کے وکیل خواجہ سلطان نے عدالت کو چھ گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے اور اپنے دلائل پیش کیے۔ یاد رہے کہ امریکی اخبار ’وال سٹریٹ جرنل‘ کے صحافی ڈینیل پرل کو جنوری دو ہزار دو میں کراچی میں اس وقت اغواء کرکے قتل کردیا گیا تھا جب وہ شدت پسندوں کے بارے میں ایک رپورٹ پر کام کر رہے تھے۔ حیدر آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دو ہزار دو میں مقدمے کے اہم ملزم احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ تین دیگر ملزمان شیخ عادل، سلمان ثاقب اور فہد نسیم کو عمر قید کا حکم سنایا گیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں اسی سال ملزمان اور حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کی گئیں تھیں۔ عمر شیخ اور دیگر ملزمان نے بری ہونے کے لیے اپیل دائر کی تھی جبکہ استغاثہ نے تین ملزمان کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کی اپیل دائر کی تھی۔ | اسی بارے میں عمر شیخ اپیل: چار سال بعد سماعت11 December, 2006 | پاکستان ’پرل قتل سے عمر شیخ لاعلم تھے‘27 September, 2006 | پاکستان عمر شیخ کراچی جیل میں منتقل18 May, 2006 | پاکستان ہاشم کی پرل کیس میں گرفتاری17 August, 2005 | پاکستان پرل کیس: ’ملزم کی حفاظت کی جائے‘11 August, 2005 | پاکستان ڈینیئل پرل کیس، ایک اور گرفتار17 April, 2004 | پاکستان عمر شیخ اسلام آباد منتقل18 January, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||