عمر شیخ اپیل: چار سال بعد سماعت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صحافی ڈینیل پرل کے قتل میں سزائے موت پانے والے برطانوی شہری عمر شیخ اور دیگر تین ملزمان کی اپیلوں پر چار سال کے بعد سماعت کا آغاز کیا گیا ہے۔ امریکی اخبار ’وال سٹریٹ جرنل‘ کے صحافی ڈینیل پرل کو جنوری سنہ دو ہزار دو میں کراچی میں اس وقت اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا گیا تھا جب وہ شدت پسندوں کے بارے میں ایک رپورٹ پر کام کر رہے تھے۔ حیدرآباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دو ہزار دو میں مقدمے کے اہم ملزم احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ تین دیگر ملزموں شیخ عادل، سلمان ثاقب اور فہد نسیم کو عمر قید کا حکم سنایا گیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ملزمان اور حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف اسی سال اپیلیں دائر کی گئیں تھیں۔ عمر شیخ اور دیگر ملزمان نے بری ہونے کے لیے اپیل دائر کی تھی جبکہ استغاثہ نے تین ملزمان کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کی اپیل دائر کی تھی ۔ چار سال کے بعد پیر کی صبح سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس رحمت حسین جعفری اور جسٹس منیب خان پر مشتمل اپیلٹ بینچ نے ان اپیلوں کی سماعت کی۔ ملزموں کو سماعت کے اس موقع پر پیش نہیں کیا گیا۔ وکیلِ استغاثہ راجا قریشی نے بی بی سی کو بتایا کہ قانون کے تحت اپیل کے موقع پر ملزمان کو پیش کرنا ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’یہ اپیلیں چالیس سے زائد مرتبہ عدالت میں سماعت کے لیے پیش کی جاچکی ہیں، اس دوران استغاثہ نےکبھی بھی وقت نہیں مانگا ہمیشہ ملزمان کے وکلاء نے وقت مانگا ہے‘۔
وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ اب ہر روز سماعت ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ ان اپیلوں کا جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ عمر شیخ ان تین شدت پسندوں میں سے ایک ہیں جنہیں بھارت کی تحویل سے 1999 میں ایک بھارتی طیارے کو اغوا کر کے مسافروں کی رہائی کے بدلے آزاد کروایا گیا تھا۔ عمر شیخ نے پاکستان اور برطانیہ میں تعلیم حاصل کی تھی ۔ وہ برطانیہ کے لندن سکول آف اکنامکس میں طالب علم تھے جب وہ بوسنیا کے مسلمانوں کے ساتھ ان کی لڑائی میں شریک ہونے کے لیے چلے گئے تھے۔ بعد میں انہوں نے کشمیر کی لڑائی میں بھی حصہ لیا۔ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنی کتاب ’ان دی لائن آف فائر‘ میں دعوٰی کیا ہے کہ عمر شیخ صحافی ڈینئل پرل کے اغوا میں ملوث تھے لیکن ان کے قتل سے لاعلم تھے۔ | اسی بارے میں ’پرل قتل سے عمر شیخ لاعلم تھے‘27 September, 2006 | پاکستان ڈینیئل پرل کیس، ایک اور گرفتار28 July, 2005 | پاکستان ہاشم کی پرل کیس میں گرفتاری17 August, 2005 | پاکستان عمر شیخ کراچی جیل میں منتقل18 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||