سرمایہ داروں کو چار ارب روپےمعاف | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زرعی ترقیاتی بینک نے جمعرات کو پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کی ’پبلک اکاؤنٹس کمیٹی‘ میں پیش کردہ ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سینتالیس کاروباری شخصیتوں کے ذمے چار ارب چودہ کروڑ اٹھاسی لاکھ روپے سے زائد کے قرضے معاف کردیئے گئے ہیں۔ بینک انتظامیہ کے مطابق ’پروجیکٹ لون‘ کے تحت یہ قرضہ جات سٹیٹ بینک کی ایک سکیم کے تحت معاف کیئے گئے ہیں جوکہ کئی برسوں سے وصول ہی نہیں ہورہے تھے۔ کمیٹی کے چیئرمین ملک اللہ یار خان اور کئی اراکین نے سوال اٹھایا کہ زرعی ترقیاتی بینک کا مقصد ہی زرعی شعبہ کے لیے قرضہ جاری کرنا تھا تو آخر پروجیکٹ لون کیوں دیئے گئے؟ جس کے جواب میں بینک کے سینیئر افسران نے کہا کہ ایسا حکومت کی بنائی گئی پالیسی کے تحت کیا گیا اور اس پالیسی کا مقصد زراعت سے متعلق صنعتوں کو فروغ دینا تھا۔ کمیٹی کے بعض اراکین نے کہا کہ ایک طرف چھوٹے قرضے لینے والے غریب کسانوں کو معمولی رقم کی وصولی کی خاطر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے لیکن صنعتکاروں کے کروڑوں روپے کے قرضے زرعی بینک نے اس سکیم کے تحت معاف کیوں اور کیسے کردیے؟ جس پر بینک کے اجلاس میں موجود افسران نے کہا کہ ڈوبے ہوئے قرضہ جات میں سے کچھ رقم وصول کرکے باقی معاف کردینے کی سکیم مرکزی بینک نے جاری کی تھی۔ واضح رہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں بدھ کے روز بینک کے نمائندوں نے بتایا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے ذمے چالیس کروڑ روپے کے قریب قرضہ معاف کیا گیا ہے۔ جمعرات کو جو فہرست زرعی بینک کے افسران نے کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی اس کے مطابق سب سے زیادہ قرضہ ساڑھے اٹھاون کروڑ روپے میاں محمد شوگر مل کے مالک مشتاق احمد بھٹی کو معاف کیا گیا جو راولپنڈی کے رہائشی ہیں۔ پروجیکٹ لون کے تحت جن سینتالیس افراد کے قرضے معاف ہوئے ہیں ان میں سے نو کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر کراچی جبکہ اڑتیس افراد کا تعلق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے اور ان میں بیشتر لاہور کے ہیں۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ قرضہ جوکہ تقریباً اکیاون کروڑ کے قریب ہے اور وہ معاف کرانے والے راوی ایگری اینڈ ڈیری پروڈکشن کے مالک چودھری محمد اکرام کا تعلق بھی لاہور سے بتایا گیا ہے۔ بینک کی فہرست کے مطابق کراچی کے جان شیر عالم خان نے شان فیڈ کے ذمے تقریباً ساڑھے ترتالیس کروڑ، لاہور کے رب نواز خان نے ’ٹرانس ٹیک‘ کے ذمے چالیس کروڑ سے زائد اور لاہور کے ہی شاہد علی خان نے ’ایس ایس آئل ملز‘ کے ذمے سوا سینتیس کروڑ روپے کا قرضہ معاف کرایا ہے۔ | اسی بارے میں پاکستان کی اصل اپوزیشن 25 May, 2006 | پاکستان فوجی بے قاعدگی پر بحث31 May, 2006 | پاکستان وفاق حکومت ساہوکار ہو گئی16 May, 2005 | پاکستان قرض اور تعلیم16 March, 2004 | پاکستان ایک مہینہ، تیس کروڑ کا نقصان29 March, 2005 | پاکستان سینیٹ میں بجٹ پر شدید تلخی07 June, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||