رفعت اللہ اورکزئی بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور |  |
 | | | لبنان پر اسرائیل کے حلموں کے خلاف کئی مسلمان ملکوں میں احتجاج ہو رہا ہے |
لبنان و فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف جمعرات کو پشاور میں پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ مظاہرے کی قیادت پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے رکن سکندر شیرپاؤ اور ایم پی اے نسرین خٹک نے کی۔ قصہ خوانی بازار کے چوک شہیدان میں منعقد ہونے والے اس مظاہرے میں سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر نعرہ بازی بھی کی اور لبنان و فلسطین پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے رہنما سکندر شیرپاؤ نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ اگر اپنے مسلمان بھائیوں کے حقوق کے حصول کے لیئے اپنے خون کی قربانی بھی دینی پڑی تو پارٹی کارکن اور سرحد کے غیور عوام اس سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حالیہ وحشیانہ اقدامات اور ظلم و بربریت سے تمام عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور آج کا یہ احتجاج پیپلزپارٹی کے ملک گیر احتجاج کا آغاز ہے اور دیگر اضلاع میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 | قربانی سے دریغ نہیں کریں گے  اسلام کی سربلندی کے لیئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اگر مسلمان بھائیوں کے حقوق کے لیئے خون کی قربانی دینی پڑی تو بھی اس دریغ نہیں کرینگے  |
ان کا کہنا تھا کہ درد کے اس گھڑی میں تمام عالم اسلام لبنانی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ہر سطح پر اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ سکندر شیرپاؤ نے او آئی سی اور اقوام متحدہ سے لبنان میں فوری جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دونوں ادارے اس سلسلے فعال کردار ادا کریں۔مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ اسلام کی سربلندی کے لیئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اگر مسلمان بھائیوں کے حقوق کے لیئے خون کی قربانی دینی پڑی تو بھی اس دریغ نہیں کرینگے۔ احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ اس احتجاج میں پشاور کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ واضع رہے کہ پشاور میں لبنان و فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے تاہم ان مظاہروں میں لوگوں کی تعداد انتہائی کم رہی ہے۔ |