عدنان عادل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | عبدالستار ایدھی نے دمشق میں دیگر لبنانی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ بھی کیا |
پاکستان کے معروف فلاحی کارکن عبدالستار ایدھی سوموار کی صبح بیروت پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیل کے حملوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کام کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ دمشق اور بیروت میں پاکستانی سفارت خانوں نے ایدھی کو دمشق سے بیروت پہنچنے میں مدد کی ہے گو راستہ اسرائیلی بمباری سے خاصا دشوار گزار ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لبنانی وقت کے مطابق سوموار کو صبح دس بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر بارہ بجے عبدالستار ایدھی بیروت پہنچ چکے تھے۔ ترجمان کے مطابق عبدالستار ایدھی کے ہمراہ ان کے دو ساتھی رضوان ایدھی اور محمد فاروق بھی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ایدھی بیروت نقد پیسے لے کر گئے ہیں جس سے وہ دس نئی ایمبولینسیں خریدیں گے اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر امدادی کاروائیاں کریں گے۔ ترجمان کے مطابق عبدالستار ایدھی کا سیٹیلائٹ فون بیروت میں کام نہیں کررہا کیونکہ وہاں پر ایسے فون جام کردیے گئے ہیں۔ گزشتہ اتوار کے دن ایدھی نے دمشق پہنچ کر ان اسی (80) پاکستانی خاندانوں سے ملاقات کی تھی جو لبنان سے پناہ گزین بن کر شام آئے ہیں۔ ایدھی نے ان لوگوں میں کھانا اور خشک دودھ تقسیم کیا تھا۔انہوں نے دمشق میں دیگر لبنانی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ بھی کیا تھا جہاں زیادہ تر بچے، عورتیں اور ضعیف افراد ہیں۔ عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ ان سے کسی ایک انسان کو بھی فائدہ پہنچتا ہو تو وہ کسی بھی مشکل یا خطرہ کے باوجود کسی بھی جگہ جانے کو تیار ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی لبنان کو امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے اور غذائی امداد اور ادویات سے بھرے دو طیارے لبنان بھیجنے کی منظور بھی دی ہے۔ |