’150 افغانی گرفتار، بیشتر طالبان ہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ پولیس نے ایک سو پچاس سے زیادہ افغانیوں کوگرفتار کیا ہے اور پولیس کے دعوے کے مطابق ان میں سے زیادہ تر کا تعلق مشتبہ طالبان سے ہے اور ان میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔ کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سلمان سید نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران کی گئیں۔گرفتارشدگان کی شناخت کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’بیشتر کا تعلق مشتبہ طالبان سے ہے‘۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ یہ افراد دینی مدارس کے عام طالبعلم ہیں۔ یاد رہے کہ جمعیت علما اسلام کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس دینی مدارس کے طلبا کو گرفتار کر رہی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار افراد میں ایک اہم طالبان کمانڈر بھی شامل ہے لیکن حکام کے مطابق ابھی اس بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ سلمان سید نے بتایا کہ ان افراد سے تفتیش اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں افغانستان کے حوالے کر دیا جائے گا۔ پولیس نے دو روز پہلے کوئٹہ میں چھاپے مارنا شروع کیئے تھے اور اب تک ایک سو پچاس سے زیادہ افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ سلمان سید سے جب پوچھا گیا کہ اچانک یہ گرفتاریاں کیوں شروع کی گئی ہیں تو انہوں نے کہا کہ پولیس اس پر کام کر رہی تھی اور جو لوگ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں ان کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
پاکستان میں رہنے والے لاکھوں افغانیوں کے مستقبل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ افغانیوں کو یا تو کیمپوں میں رہنا پڑے گا یا اپنے ملک واپس جانا ہوگا۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے پاکستانی حکومت پر افغانستان اور امریکہ کی طرف سے یہ دباؤ بڑھ رہا تھا کہ وہ پاکستان کے بعض علاقوں میں موجود ان مشتبہ طالبان کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں مقیم ہیں اور افغانستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کر کے واپس پاکستان چلے جاتے ہیں۔ کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری یعقوب نے بھی بارہا کہا ہے کہ بلوچستان میں بم دھماکوں میں افغان ملوث ہیں۔ بلوچستان میں جاری کشیدگی کے حوالے سے بھی افغانستان کا نام لیا جاتا رہا ہے اور گورنر بلوچستان اویس احمد غنی نے کئی بار کہا ہے کہ بلوچستان میں اسلحہ افغانستان سے آرہا ہے جو یہاں تشدد آمیز کارروائیوں میں استعمال ہوتا ہے۔ | اسی بارے میں کوئٹہ: افغان پناہ گزین گرفتار16 July, 2006 | پاکستان وزیرستان: دو بااثر قبائلی سردار رہا15 July, 2006 | پاکستان باجوڑ، میرے گھر پر چھاپہ: ملافقیر12 July, 2006 | پاکستان لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین واپس11 July, 2006 | پاکستان ’حکومتی پیش رفت غیرتسلی بخش‘10 July, 2006 | پاکستان طالبان کے کیمپ بند کریں: کرزئی02 July, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||