ہنگو: شیعہ، سنی رہنماؤں میں اتفاق | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے جنوب مغربی ضلع ہنگو میں قیام امن اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیئے اہل تشیع اور اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں نے تیرہ نکات پر مشتمل ایک اعلامیے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اعلامیے کے مطابق دونوں فریقوں نے مذہبی اختلافات بھلا کر علاقے میں امن و امان کے لیئے عملی اقدامات اٹھانے کا عہد کیا ہے۔ اس سلسلے میں پشاور میں دو روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی جس میں ہنگو سے تعلق رکھنے والے شیعہ سنی عمائدین، علماء کرام اور سرکاری اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکشاپ کا اہتمام غیر سرکاری تنظیم روشن ترقیاتی ادارے نے کیا تھا۔ اس دو روزہ ورکشاپ میں فریقین نے ہنگو میں مستقل اور پائیدار بنیادوں پر امن کے قیام کے لیئے تفصیلی بحث ومباحثہ میں حصہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ علاقے کو فرقہ واریت کی لعنت سے بچانے کے لیئے مضبوط بنیادوں پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ تیرہ نکات پر مشتمل اعلامیے میں حکومت کی جانب سے علاقے میں امن کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ سانحہ ہنگو کے ملزمان کوتلاش کرکے سخت سزا دی جائے۔ اعلامیے کے مطابق ہنگو میں بدامنی اور انتشار کی وجہ پولیس اور انتظامی مشینری کی کمی ہے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلیئے دونوں فریقین مل کر صورتحال کو کنٹرول کریں گے اور مسئلے کو فرقہ ورایت کی طرف مڑنے نہیں دیا جائےگا۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے روشن ترقیاتی ادارے کے سربراہ شہریار خان بنگش نے بتایا کہ اعلامیے پر لوگوں کی رائے لی جائےگی اور تجاویز مرتب ہونے کے بعد اس پر دونوں فریق دستخط کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس جذ بے سے لوگوں نے ورکشاپ میں حصہ لیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فریقین کشیدگی کے اس ماحول سے تنگ آگئے ہیں۔ ہنگو میں اس سال نو فروری کو عاشورہ کے روز ایک خودکش بم دھماکے اور اس کے بعد شروع ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم اب دونوں فریقوں کی جانب سے ہنگو میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کی کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق سے امید کی جارہی ہے کہ کشیدگی کے ماحول کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ |
اسی بارے میں ہنگو: دھماکے اور فائرنگ، 31 ہلاک09 February, 2006 | پاکستان ’ہنگو: میدان جنگ کا ایک منظر‘10 February, 2006 | پاکستان ہنگو شہرمیں کشیدگی، فائرنگ 10 February, 2006 | پاکستان ہنگو میں حالات بدستور کشیدہ13 March, 2006 | پاکستان ہنگو میں پہیہ جام ہڑتال09 May, 2006 | پاکستان ہنگو فسادات: تاجر مسائل کا شکار ہیں14 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||