پاکستان: گرمی کی لہر، 20ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر سے گزشتہ دو دنوں میں بیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ یہ لہر دس دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کے دن گرمی اور لو لگنے کی وجہ سے چنیوٹ میں چار افراد، اوکاڑہ میں تین، کوٹ رادھا کشن، چیچہ وطنی اور راجن پور میں دو دو اور لاہور، جہانیاں، ساہیوال، سیالکوٹ، گکھڑ منڈی، چک جھمرہ، بہاولنگر اور ڈجکوٹ میں ایک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اتوار کے دن سب سے زیادہ گرمی تربت اور بدین میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجۂ حرارت اڑتالیس درجہ سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل قمر الزمان نے بی بی سی کو بتایا کہ موجودہ گرمی کی لہر ملک میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیر اور منگل کو دو دن کے لیئے گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے لیکن اس کے بعد آٹھ، دس دن تک پورے ملک میں درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ قمرالزمان نے کہا کہ مئی میں عام طور پرگرمی بڑھ جاتی ہے لیکن اس بار درجۂ حرارت پورے ملک میں زیادہ ہے تاہم اسے مئی میں گرمی کا نیا ریکارڈ نہیں کہا جا سکتا۔ اتوار کے دن ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں درجۂ حرارت سینتالیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوسرے دن بھی پینتالیس درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ ملتان اور سکھر میں چھیالیس درجہ، سیالکوٹ میں پینتالیس، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور فیصل آباد میں تینتالیس درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ یاد رہے کہ پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے حال ہی میں ملک بھر میں بارشوں میں کمی اور شدید خشک سالی کی پیشگوئی کی ہے۔ | اسی بارے میں بدترین خشک سالی کا خطرہ08 May, 2006 | پاکستان شمالی انڈیا میں گرمی کی لہر07 May, 2006 | انڈیا ائرکولروں کے کاروبار میں تیزی27 June, 2005 | پاکستان قہر برساتا سورج، متعدد ہلاک24 June, 2005 | پاکستان پاکستان:گرمی سے 32 ہلاک21 June, 2005 | پاکستان لاہور: پہلی بارش میں 7 افراد ہلاک01 July, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||