غیرملکی اخباروں کے خلاف مقدمہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شہر کراچی میں پیغمبر اسلام کے خاکے شائع کرنے کے الزام میں چھ غیر ملکی اخبارات، ان کے مدیران اور پبلشروں کے خلاف توہین کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر درج کیا گیا ہے اور اس میں جن ممالک کو فریق بنایا گیا ہے ان میں ڈینمارک، ناروے، فرانس، جرمنی، ہالینڈ اور اٹلی کے اخبارات کے مدیر، پبلشر اور کارٹونسٹس شامل ہیں۔ کراچی کے گلبرگ تھانے میں دائر مقدمے میں ڈینمارک کے اخبار، اس کی انتظامیہ، مدیر مسٹر فاؤنڈ، پبلشر اور کارٹونسٹ ہنس جل، فرانس کے اخبار کے مدیر،پبلشر سمیت یاہو،گوگل اور ہاٹ میل انتظامیہ کو بھی ملزم ٹھرایا گیا ہے۔ عوامی حمایت تحریک پاکستان کے چیئرمین مولوی اقبال حیدر کی مدعیت میں درج کئے گئے اس مقدمے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ اور پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ مدعی اقبال حیدر نے بی بی سی کو بتایا کہ پی ٹی سی ایل اور پی ٹی اے کی غفلت کی وجہ سے تین ماہ تک کارٹون پاکستان میں دیکھی جانے والی ویب سائٹوں پر موجود رہے۔ کچھ عرصے قبل حکام نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ دیا کہ ان چودہ ویب سائٹوں کو بلاک کیا گیا ہے۔اس سے قبل پاکستان کے لوگوں کی ان تک رسائی تھی۔ واضح رہے کہ یورپی اخبارات میں پیغمبر اسلام کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر پورے پاکستان میں سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا اور ہر چھوٹے بڑے شہر میں مظاہرے اور ہڑتال کی گئیں تھیں۔ خاکوں کی اشاعت میں ملوث اخبارات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے عوامی حمایت تحریک پاکستان کے چیئرمین مولوی اقبال حیدر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔ سپریم کورٹ کے فل بینچ نے سترہ اپریل کو توہین رسالت کے الزام میں مقدمہ دائر کرنے کا حکم جاری کیا اور پانچ دن کے بعد گلبرگ تھانے پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ دو سو پچانوے سی کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا۔ اقبال حیدر کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیشی افسر عدالت کو آگاہ کریگا کہ ملزمان اس ملک کے شہری نہیں ہیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رجوع کیا جائیگا۔ پاکستان کے قانون کے تحت پیغمبر اسلام کی توہین کی سزا سزائے موت ہے۔ |
اسی بارے میں متنازع کارٹون: اشاعت، مقصد اور نتائج؟25 March, 2006 | آس پاس کارٹون: کراچی میں’ملین مارچ‘05 March, 2006 | پاکستان متنازع کارٹون پر چرچ کی معذرت21 March, 2006 | آس پاس پاکستان میں کارٹون احتجاج جاری24 February, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||