پاک بھارت تجارت کے فروغ پر اتفاق | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت اور پاکستان کے تجارت کے محکموں کے سیکریٹریوں کی سربراہی میں قائم کردہ جوائنٹ سٹڈی گروپ نے باہمی تجارت بڑھانے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے اور دونوں ممالک اس بارے میں ایک معاہدہ کرنے پر بھی راضی ہوئے ہیں۔ پیر کے روز دونوں ممالک کے اس مشترکہ گروپ کا اجلاس ختم ہونے پر ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنی بات چیت کو مثبت قرار دیا ہے۔ منگل سے دونوں ممالک کے تجارت کے محکموں کے نمائندے جامع مذاکرات کے ’فریم ورک‘ کے تحت تجارتی معاملات کے بارے میں دو روزہ بات چیت شروع کریں گے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے سیکریٹری تجارت نے کہا کہ اس مشترکہ گروپ کا مقصد دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کرنے اور جامع مذاکرات کے تحت اس تجارتی امور کے بارے جاری بات چیت پر غور کرنا تھا۔ ان کا زور اس بات پر تھا کہ ایسے اقدامات کیئے جائیں جن سے تجارتی لاگت کم ہوسکے اور برآمدات بڑھائی جاسکیں۔ بھارتی سیکریٹری تجارت نے کہا کہ ان کی پالیسی عالمی، علاقائی اور دو طرفہ تجارت کے بارے میں ہے اور وہ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائیزیشن اور الیکٹرانک ڈیٹا کے تبادلے کے بارے میں پیش رفت کو رواں سال کے آخر تک حتمی شکل دی جاسکے گی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کسٹم کے معاملات میں تعاون اور تجارتی سہولیات کے اقدامات، اور ’نان ٹیرف بیریئرز‘ کے بارے میں قائم دو ذیلی گروپوں نے اپنی سفارشات پیش کیں اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جہاں اس بیان میں ایک طرف تجارتی تعاون کے لیے پیش رفت کی بات کی گئی ہے وہاں دفتر خارجہ کی ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو ’موسٹ فیورڈ نیشن‘ کا درجہ دیے جانے سے تجارت پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ ان کے مطابق بدستور بھارت کی عائد پابندیوں کی وجہ سے تجارتی توازن قائم نہیں ہوسکا اور پاکستانی برآمدات میں اضافہ نہیں ہورہا۔ ادھر حکام کا کہنا ہے کہ منگل سے شروع ہونے والی بات چیت میں ’ٹرانزٹ ٹریڈ اور فضائی اور سمندری ذرائع سے تجارت شروع کرنے سمیت مختلف معاملات پر بات چیت ہوگی۔ | اسی بارے میں ’مسئلے کا حل ہمارے عہد میں‘10 September, 2005 | پاکستان ’من موہن کی تقریر مثبت ہے‘24 March, 2006 | پاکستان منموہن کی امن معاہدے کی تجویز24 March, 2006 | پاکستان خطے میں توازن ضروری ہے: قصوری03 July, 2005 | پاکستان خودمختاری آئین کے اندر ہی: منموہن 25 February, 2006 | انڈیا ’نہ توثق کیے نہ دستخط کیے ہیں‘10 March, 2005 | پاکستان بھارت کے رد عمل پر حیران ہیں: پاکستان26 March, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||