ڈمہ ڈولا میں امریکہ مخالف مظاہرہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں امریکی بمباری سے ڈمہ ڈولا گاؤں میں ہلاکتوں کے خلاف اتوار کے روز جمعیت علمائے اسلام کی اپیل پر لوگوں نے ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈمہ ڈولا کے قریب عنایت کلے میں منعقد اس احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں قبائلیوں نے شرکت کی اور ’اسامہ زندہ باد، ملا محمد عمر زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگائے۔ جلسے میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے بھی شرکت کی۔ جلسے کے اختتام پر مظاہرین نے باجوڑ کے صدر مقام خار کی جانب مارچ کیا اور صدیق آباد بازار میں ویڈیو اور دیگر دوکانوں پر پتھراؤ کیا۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ نے بڑی تعداد میں لیویز پولیس تعینات کر رکھی تھی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور پتھراؤ کے الزام میں تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ اس سے قبل جلسے سے خطاب میں مقررین نے جن میں مولانا گل داد خان، مولانا عبدالرشید، مولانا برہان الدین اور جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی مولانا محمد صادق، اے این پی کے فاتح الرّحمٰان اور پیپلز پارٹی کے اخوندزادہ چٹان شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے امریکہ نے مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے جس کا مقصد پاکستان میں حالات خراب کرنا ہے۔ انہوں نے قبائلیوں کے موقف کو دہرایا کہ قبائلی علاقے میں نہ اسامہ ہے اور نہ ملا محمد عمر۔ قبائلی رہنماؤں نے صدر پرویز مشرف سے مستعفی ہوجانے اور ہلاک شدگان کو معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے جلسے کے اختتام پر امریکی صدر بش اور پاکستانی ہم منصب پرویز مشرف کے پتلے نذر آتش بھی کیے۔ باجوڑ میں امریکی بمباری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اب کل حزب اختلاف کے رہنماؤں نے قبائلی علاقے کا رخ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ متاثرین سے ہمدردی کے علاوہ ہلاکتوں کی مذمت کر سکیں۔ تاہم خیال ہے کہ قبائلی علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی وجہ سے انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو واپس لوٹا دیا گیا تھا۔ | اسی بارے میں باجوڑ حملہ، حکمران جماعت کا احتجاج16 January, 2006 | پاکستان باجوڑ:صحافیوں کے داخلے پر پابندی17 January, 2006 | پاکستان باجوڑ :القاعدہ ممبران کی شناخت 18 January, 2006 | پاکستان باجوڑ میں معاوضے دینے کا فیصلہ 19 January, 2006 | پاکستان باجوڑ : خالی قبروں کا معمہ19 January, 2006 | پاکستان ’ڈمہ ڈولا، شناخت کا کام جاری‘19 January, 2006 | پاکستان امریکی حملے نہ ہوں: مشرف21 January, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||